نئی دہلی
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے پیر کے روز مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے معاملے پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے پارلیمانی بیان کو لے کر مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس معاملے پر باقاعدہ بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے تھرور نے کہا کہ صرف بیان پڑھ دینا اور اس پر کوئی بحث نہ کرنا ارکانِ پارلیمنٹ کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا كہ پارٹی کا مؤقف یہ ہے کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور اس پر ایوان میں بحث ہونی چاہیے۔ پارلیمنٹ کا مقصد ایسے مسائل کو اٹھانا ہے جو ہندوستان کے لیے اہم ہوں اور ان پر سنجیدہ گفتگو ہو۔ صرف ایک بیان پڑھ دینا اور سوالات کی اجازت نہ دینا، ہماری نظر میں ایوان کے ارکان کے ساتھ منصفانہ رویہ نہیں ہے۔ اسی لیے پارٹی بحث کا مطالبہ کر رہی تھی تاکہ ہم توانائی کی سلامتی، تیل کی بڑھتی قیمتوں اور حکومت کی طرف سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے جیسے سوالات اٹھا سکیں۔
انہوں نے مزید کہا كہ بین الاقوامی قانون سے جڑے بڑے سوالات بھی موجود ہیں۔ یہ سوالات جو بھی ہوں، پارلیمنٹ ہی وہ مناسب فورم ہے جہاں انہیں اٹھایا جا سکتا ہے۔ ہم یہ نہیں کہہ رہے کہ ہم حکومت ہیں۔ حکومت وہی کرے گی جو اسے مناسب لگے، لیکن کم از کم پارلیمنٹ میں ملک کے مختلف طبقات کی رائے سننے کا موقع دیا جانا چاہیے۔
کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے بھی یہی مؤقف دہرایا اور کہا کہ مغربی ایشیا کا تنازع کوئی جماعتی معاملہ نہیں ہے۔ انہوں نے مرکز سے اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لینے کا مطالبہ کیا۔
وینوگوپال نے کہا كہ یقیناً ہم نے اسپیکر کے خلاف مواخذے کی تحریک پیش کی ہے اور اس پر بحث میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں، لیکن آج سب سے اہم مسئلہ عام لوگوں سے جڑے معاملات ہیں۔ ایندھن کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں اور خلیجی ممالک میں مقیم لوگوں کو مستقبل کے حوالے سے تشویش ہے۔ حکومت اس صورتحال پر خاموش ہے۔ ہم بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ اس پر غور کے بعد مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔ یہ کوئی جماعتی معاملہ نہیں ہے، حکومت کو اپوزیشن کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دونوں ایوانوں کو آگاہ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی مغربی ایشیا میں جاری تنازع کی صورتحال پر ذاتی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔مغربی ایشیا کی کشیدہ صورتحال پر ایوان سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے بتایا کہ حکومت نے ایران میں مقیم ہندوستانی شہریوں کے لیے باضابطہ ہدایات جاری کر دی ہیں اور شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا كہ وزیر اعظم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور متعلقہ وزارتیں مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے باہمی رابطے میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خلیجی خطے میں مقیم ہندوستانی شہریوں سے مسلسل رابطے میں ہے اور تہران میں ہندوستانی سفارت خانہ مکمل طور پر فعال ہے، جو تنازع میں پھنسے طلبہ کو مدد فراہم کر رہا ہے۔
آبنائے ہرمز کے راستے تجارتی گزرگاہوں میں رکاوٹ کے باعث ہندوستان کی توانائی سلامتی سے متعلق خدشات پر بات کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ حکومت توانائی کی دستیابی، قیمت اور ممکنہ خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کر رہی ہے اور صارفین کے مفاد کو ترجیح دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا كہ اس تنازع کے ہماری توانائی سلامتی پر ممکنہ اثرات کو دیکھتے ہوئے حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ توانائی کی منڈیوں میں دستیابی، قیمت اور خطرات کو مدنظر رکھا جائے۔ ہمارے لیے ہندوستانی صارفین کے مفادات سب سے بڑی ترجیح ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔