آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں کمی کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-12-2025
آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں کمی کی
آر بی آئی نے ریپو ریٹ میں کمی کی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستانی ریزرو بینک  نے جمعہ کو مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ کے بعد ریپو ریٹ میں 0.25فیصد کی کٹوتی کا اعلان کیا۔ اس فیصلے کے بعد ریپو ریٹ 5.5فیصد سے کم ہو کر 5.25فیصد رہ گئی ہے۔
آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے بتایا کہ تین دنوں تک جاری رہنے والی میٹنگ میں بدلتی ہوئی معاشی صورتحال، گرتی مہنگائی اور مضبوط جی ڈی پی گروتھ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ اتفاقِ رائے سے لیا گیا۔
اب کتنی سستی ہوگی آپ کی ای ایم آئی؟
ریپو ریٹ میں کٹوتی کا سیدھا فائدہ ہوم لون، کار لون اور پرسنل لون کی ای ایم آئی پر پڑتا ہے۔ بینک عام طور پر ریپو ریٹ کے مطابق اپنے لون کی شرحِ سود طے کرتے ہیں۔
مثال کے طور پر
اگر کسی شخص نے 30 لاکھ روپے کا ہوم لون 20 سال کے لیے لیا ہے اور اس پر پہلے 9فیصد سود لگ رہا تھا، تو اس کی ای ایم آئی 26,964 روپے بنتی تھی۔ اب 0.25فیصد سود کم ہو کر 8.75فیصد ہونے پر ای ایم آئی 26,611 روپے ہو جائے گی۔ یعنی ہر ماہ 353 روپے کی بچت پورے سال میں یہ بچت 4236 روپے جبکہ 20 سال کی مدت میں 84,000 روپے تک کی راحت مل سکتی ہے۔
مہنگائی میں کمی اور جی ڈی پی گروتھ نے بنایا بنیاد
آر بی آئی کے مطابق، موجودہ معاشی حالات کافی مضبوط ہیں۔ مالی سال 2025-26 کی دوسری سہ ماہی میں ہندوستان کی جی ڈی پی گروتھ 8.2فیصد ریکارڈ کی گئی، جو ملکی معیشت کی مضبوطی ظاہر کرتی ہے۔ وہیں، اکتوبر 2025 میں خوردہ مہنگائی 0.25فیصد کے ریکارڈ نچلے درجے پر آ گئی، جس سے آر بی آئی کو شرحِ سود کم کرنے کی گنجائش ملی۔
گورنر نے کہا کہ  ملک میں مانگ تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔مہنگائی مسلسل نیچے آ رہی ہے۔ ایسے میں شرحِ سود کم کرنے سے لوگوں کی جیب کو راحت ملے گی اور معیشت میں نقدی بڑھے گی۔
آگے کا راستہ کیا ہے؟
آر بی آئی نے پالیسی رخ  کو ’نیوٹرل‘ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ آنے والے مہینوں میں شرحِ سود مستحکم رہ سکتی ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی اسی طرح نیچے رہتی ہے تو مستقبل میں مزید کمی کا امکان برقرار ہے۔