رائے پور: چھتیس گڑھ اسٹیٹ کوآپریٹو بینک لمیٹڈ کے چیئرمین کیدار ناتھ گپتا نے جمعرات کو کانگریس لیڈر راشد علوی کے اس بیان پر سخت اعتراض کیا جس میں انہوں نے سبکدوش ایئر مارشل جتیندر مشرا کی شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے پہلے چیف ایگزیکٹو افسر کی حیثیت سے تقرری پر سوال اٹھایا تھا۔اے این آئی سے بات کرتے ہوئے گپتا نے کہا کہ سابق ایئر مارشل کی تقرری پر توہین آمیز تبصرہ فوجیوں کی توہین کے مترادف ہے اور انہوں نے کانگریس لیڈر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔
گپتا نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی پالیسی اور اس کے پیچھے موجود نیت واضح طور پر نظر آتی ہے۔ اگر کسی ایئر مارشل کو رام مندر کی ذمہ داری سونپی جا رہی ہے تو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایسے افراد ملک کے لیے کتنی گہری وابستگی اور لگن رکھتے ہیں۔ اس معاملے پر توہین آمیز انداز میں بات کرنا فوجیوں کی توہین ہے۔ راشد علوی کو اس پر معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مالی بے ضابطگی میں ملوث کسی بھی شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اگر کہیں غلطیاں ہو رہی ہیں تو انہیں روکنے کے لیے اہل افراد کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔راشد علوی نے بدھ کو سبکدوش ایئر مارشل جتیندر مشرا کی رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے پہلے چیف ایگزیکٹو افسر کی حیثیت سے تقرری پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا تھا کہ کیا اس تقرری کے پیچھے آپریشن سندور سے متعلق کوئی ’’چھپی ہوئی حقیقت‘‘ ہے۔علوی نے کہا تھا کہ موجودہ بی جے پی حکومت سپریم کورٹ کے ججوں کو گورنر یا راجیہ سبھا کا رکن مقرر کر رہی ہے جس سے لوگوں کے ذہنوں میں شکوک پیدا ہوتے ہیں۔ اب ایک سبکدوش ایئر چیف کو رام مندر ٹرسٹ کا چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کیا گیا ہے۔ آخر ان کا اس سے کیا تعلق ہے؟
انہوں نے مزید کہا تھا کہ انہیں حیرت ہے کہ کیا آپریشن سندور کے پیچھے کوئی ایسی چھپی ہوئی حقیقت ہے جس کی وجہ سے انہیں یہاں چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کیا گیا۔دریں اثنا کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رکن پارلیمنٹ پی سندوش کمار نے رام مندر کے لیے جمع کیے گئے چندے میں مالی بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا اور اس معاملے پر آر ایس ایس اور بی جے پی کے زیر کنٹرول ٹرسٹ کے ذمہ داروں سے جواب طلب کیا۔
کمار نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ ہے کہ چندے میں مبینہ گھپلے کا کیا ہوگا۔ رام کے نام پر کروڑوں روپے کی بدعنوانی اور چوری کی گئی ہے۔ آر ایس ایس اور بی جے پی کے زیر کنٹرول ٹرسٹ کے ذمہ دار اس کی کیا وضاحت دیں گے؟انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ رام کے نام پر عقیدت مندوں سے جمع کی گئی رقم کا غلط استعمال کیا گیا اور وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملے پر کسی ’’منطقی وضاحت‘‘ کی عدم موجودگی پر بھی سوال اٹھایا۔کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ ان لوگوں نے خدا کے نام کا بھی غلط استعمال کیا ہے۔ یہ ایک سنگین جرم اور انتہائی اہم مسئلہ ہے اور اب تک وزیر اعظم کی جانب سے اس بارے میں کوئی منطقی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے۔