ترواننت پورم
کیرالہ کے وزیر داخلہ رمیش چینی تھلا نے منگل کو "آپریشن طوفان: دی نارکو ہنٹ" کے آغاز کا اعلان کیا۔ ریاست بھر میں چلائی جانے والی اس مہم کا مقصد منشیات کے نیٹ ورک کا خاتمہ اور نشہ آور اشیا کے بڑھتے ہوئے خطرے پر قابو پانا ہے۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں رمیش چینی تھلا نے کہا کہ یہ آپریشن محکمہ صحت اور محکمہ آبکاری کے اشتراک سے چلایا جائے گا اور اس کا بنیادی مقصد منشیات کی اسمگلنگ کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ آپریشن طوفان: دی نارکو ہنٹ، آج سے شروع ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت اور محکمہ آبکاری کے تعاون سے ریاست میں منشیات کے مافیا کے مکمل خاتمے کے مقصد کے تحت شروع کی گئی یہ مہم منشیات کے خطرے کو جڑ سے مٹانے کا ہدف رکھتی ہے۔ اس اقدام کے لیے آپ کی دعاؤں اور تعاون کی ضرورت ہے۔
یہ مہم ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب کیرالہ میں منشیات سے متعلق جرائم میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت 36,314 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 27,530 تھی۔
یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ منشیات کا مسئلہ حالیہ برسوں میں ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔نیشنل کرائم ریکارڈز بیورو (این سی آر بی) کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت سب سے زیادہ 30,697 مقدمات کیرالہ میں درج ہوئے تھے۔
اس مہم کے آغاز سے قبل کیرالہ پولیس نے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل بھی کی تھی۔
۔28 مئی کو ایکس پر جاری پیغام میں پولیس نے کہا کہ آپریشن طوفان: دی نارکو ہنٹ۔ یکم جون سے ایک صحت مند مستقبل کے لیے مل کر آگے بڑھیں۔ آئیے منشیات کا مکمل خاتمہ کریں۔ عوامی تعاون پر مبنی اس مہم میں جب عوام، اسکول اور خاندان ہمارا ساتھ دیں گے تو ہم اپنے گھروں میں امن اور سڑکوں پر محفوظ ماحول کو یقینی بنا سکیں گے۔
یہ نئی مہم کیرالہ پولیس کی جانب سے قانون نافذ کرنے کے لیے چلائی جانے والی مختلف کارروائیوں کا تسلسل ہے۔اسی سال کے آغاز میں "آپریشن راؤنڈ اپ" کے تحت ریاست بھر میں عوامی تحفظ اور امن و امان کو مضبوط بنانے کے لیے چلائی گئی مہم میں 1,663 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جن میں عادی مجرم اور مفرور ملزمان بھی شامل تھے۔