راملنگا ریڈی نے کرناٹک کے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-06-2026
راملنگا ریڈی نے کرناٹک کے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا
راملنگا ریڈی نے کرناٹک کے وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا

 



بنگلورو
کانگریس کے سینئر رہنما رام لنگا ریڈی نے جمعہ کے روز وزارت کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے قلمدانوں کی تقسیم پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ریڈی نے کہا کہ انہیں بنگلورو ترقیات کا محکمہ دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن اس کے بجائے انہیں بڑے اور درمیانے آبپاشی منصوبوں کی وزارت سونپی گئی۔یہ استعفیٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے جمعرات کی رات وزارتی قلمدانوں کی تقسیم کا اعلان کیا تھا۔
بنگلورو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رام لنگا ریڈی نے کہا کہ میں اپنے ضمیر کے خلاف کام نہیں کر سکتا، اسی لیے وزارت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں آخر کب تک اس توہین کو برداشت کرتا اور میرے پاس اور کیا راستہ بچا تھا؟
ریڈی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دو مرتبہ بلایا گیا اور بنگلورو ترقیات کا محکمہ دینے کا وعدہ کیا گیا، لیکن آخر میں وہ کسی اور کو دے دیا گیا۔ اسی وجہ سے میں خود کو دکھی محسوس کر رہا ہوں۔ لہٰذا آج میں استعفیٰ دے رہا ہوں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گے اور رکن اسمبلی کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔اس پیش رفت کو شیوکمار حکومت کے لیے پہلا بڑا سیاسی چیلنج قرار دیا جا رہا ہے، جس نے بدھ کے روز ہی اقتدار سنبھالا تھا۔بنگلورو سے آٹھ مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے ریڈی نے کہا کہ اپنی تقریباً پچاس سالہ سیاسی زندگی میں انہوں نے کبھی وزارت یا کسی مخصوص محکمے کے لیے لابنگ نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی سدارامیا سے بنگلورو ترقیات کا محکمہ نہیں مانگا تھا، انہوں نے خود یہ پیشکش کی تھی۔
ریڈی نے بتایا کہ شیوکمار کے وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھانے سے قبل وہ ان سے ایک پارٹی رہنما کو قانون ساز کونسل کی نشست دلانے کے سلسلے میں ملے تھے، لیکن انہوں نے نہ وزارت مانگی اور نہ ہی کوئی قلمدان طلب کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی شیوکمار سے نہیں کہا کہ مجھے وزیر بنایا جائے۔ نہ ہی میں نے سدارامیا سے کابینہ میں شامل کرنے کی درخواست کی اور نہ ہی پارٹی قیادت سے رابطہ کیا۔
ریڈی کا کہنا تھا کہ حالیہ کابینہ تشکیل کے دوران بھی انہوں نے کسی خاص محکمے کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر پارٹی قیادت انہیں منانے کی کوشش کرے یا مطلوبہ محکمہ دے دے تو کیا وہ اپنا فیصلہ واپس لیں گے، تو انہوں نے دوٹوک انداز میں ’’نہیں‘‘ کہا۔انہوں نے کہا کہ میں کانگریس میں رہوں گا اور کانگریس کے رکن اسمبلی کے طور پر کام کرتا رہوں گا۔ اس بارے میں میرے ذہن میں کوئی دوسرا خیال نہیں ہے۔
سینئر رہنما نے کہا کہ انہیں حالیہ واقعات پر مایوسی ضرور ہے، لیکن کسی بھی رہنما کے خلاف ذاتی ناراضی نہیں رکھتے۔انہوں نے کہا کہ مجھے سدارامیا سے کوئی غصہ نہیں، شیوکمار سے کوئی ناراضی نہیں، کھڑگے سے کوئی شکایت نہیں اور نہ ہی پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے کوئی ناراضی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا یہ واقعہ ان کی توہین کے مترادف ہے تو انہوں نے صحافیوں سے ہی سوال کیا کہ آپ ہی بتائیے، مجھے کیا کرنا چاہیے تھا؟پریس کانفرنس کے دوران کانگریس قیادت نے ناراض وزیر کو منانے کی آخری کوشش بھی کی، لیکن ریڈی اپنے فیصلے پر قائم رہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ اپنا استعفیٰ ذاتی طور پر جمع کرانے کے بجائے کسی ذریعے سے حکومت تک پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں استعفیٰ بھیج دوں گا، خود جا کر نہیں دوں گا۔ میرا ایسا کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔جب کچھ رہنما اعلیٰ قیادت کا پیغام لے کر ان کے پاس پہنچے تو ریڈی نے کہا کہ اب مشوروں پر غور کرنے کا وقت گزر چکا ہے۔یہ پیش رفت ایسے دن سامنے آئی جب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، کھڑگے کے راجیہ سبھا نامزدگی کاغذات جمع کرانے کے لیے بنگلورو میں موجود تھے۔
اس کے علاوہ یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلورو میں بلدیاتی انتخابات قریب ہیں اور شہر کے ایک بڑے حصے میں رام لنگا ریڈی کا خاصا اثر و رسوخ مانا جاتا ہے۔