لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز کہا کہ رام مندر میں چندے کی مبینہ چوری کے واقعے نے عقیدت مندوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے، تاہم اس بہانے ایودھیا، رام جنم بھومی اور ہندوؤں کے عقیدے کو بدنام کرنا کسی بھی طرح درست نہیں۔
انڈیا ٹوڈے گروپ کے زیر اہتمام منعقدہ "پنچایت آج تک" پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپوزیشن، خصوصاً سماجوادی پارٹی، پر بھی سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ وہ اپنے ماضی کے ریکارڈ کے باوجود مذہبی معاملات کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، "ایودھیا کا یہ واقعہ یقیناً ہم سب اور رام بھکتوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والا ہے۔
رام مندر ٹرسٹ ایک خودمختار ادارہ ہے اور حکومت کو اس کے معاملات میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں۔ ٹرسٹ نے خود تحقیقات کی درخواست کی، جس کے بعد ریاستی حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔ جیسے ہی ایس آئی ٹی کی رپورٹ موصول ہوئی، کارروائی شروع کر دی گئی۔" وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ چندے کی مبینہ چوری میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ ان کی مدد کرنے کے الزام میں مزید دو افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا، "گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دو افراد نے استعفیٰ بھی دیا ہے، جن میں ٹرسٹ کے سابق جنرل سیکریٹری چمپت رائے اور ٹرسٹی انیل مشرا شامل ہیں۔ لیکن اس واقعے کو بنیاد بنا کر ایودھیا، رام جنم بھومی اور ہندوؤں کے عقیدے کو بدنام کرنا ہرگز مناسب نہیں۔" واضح رہے کہ رام مندر میں چندے کی مبینہ خرد برد کا معاملہ جون کے پہلے ہفتے میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد اتر پردیش حکومت نے اس کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی تھی۔