نئی دہلی: سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما سلمان خورشید نے شری رام جنم بھومی تیرتھ کشیتر ٹرسٹ میں عطیات کے فنڈ میں مبینہ خرد برد کی آزادانہ جانچ کرانے سے متعلق درخواستوں پر سپریم کورٹ کی سماعت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ’’آخر یہ گڑبڑ ہوئی ہی کیوں؟‘
‘ اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خورشید نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ کروڑوں لوگوں کے مذہبی عقیدے سے جڑا ہوا ہے، اس لیے سپریم کورٹ کا درخواستوں پر سماعت کے لیے آمادہ ہونا خوش آئند ہے، تاہم عدالتیں صرف ’’گڑبڑ کی صفائی‘‘ کر رہی ہیں، اصل سوال یہ ہے کہ یہ گڑبڑ پیدا کیوں ہوئی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک قانونی معاملہ ہے۔ پہلے تحقیقات ہوں گی، پھر رپورٹ آئے گی، اور اس کی بنیاد پر مقدمہ آگے بڑھے گا۔
چونکہ اس معاملے سے عوام کی غیر معمولی دلچسپی وابستہ ہے اور لاکھوں لوگ اسے اپنے عقیدے سے جوڑتے ہیں، اس لیے سپریم کورٹ کا یہ یقینی بنانا کہ سب کچھ درست طریقے سے ہو، خوش آئند ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ قانونی عمل معمول کے مطابق آگے بڑھے۔ لیکن میرا ماننا ہے کہ عدالتیں جو بھی کریں، وہ دراصل پیدا ہونے والی گڑبڑ کو درست کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اصل سوال یہ ہے کہ یہ گڑبڑ ہوئی کیوں؟‘‘ ادھر، رام مندر ٹرسٹ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی جانچ سے متعلق درخواستیں سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سوریا کانت، جسٹس جوئے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا پر مشتمل بنچ کے سامنے سماعت کے لیے درج ہیں۔ عطیات میں مبینہ خرد برد کے معاملے نے اتر پردیش میں سیاسی تنازع کو جنم دیا ہے، جبکہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) اس معاملے کی جانچ جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایس آئی ٹی کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایودھیا کے رام مندر کے چندہ گنتی مرکز میں سلامتی کے انتظامات میں سنگین خامیاں پائی گئیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عملے کے بعض افراد مبینہ طور پر نقد رقم کے بنڈل اپنے کپڑوں، جیبوں، جوتوں اور دیگر ذاتی اشیا میں چھپاتے تھے۔ ایس آئی ٹی کے مطابق یہ مبینہ چوری کوئی الگ تھلگ واقعہ نہیں بلکہ ایک منظم اور بار بار دہرایا جانے والا عمل تھا۔
ایس آئی ٹی نے بتایا کہ 27 اپریل سے 5 جون کے درمیان سی سی ٹی وی فوٹیج کے جائزے میں تقریباً 70 مشتبہ واقعات سامنے آئے، جن میں گنتی کے عملے کے بعض افراد مبینہ طور پر نقد رقم کے بنڈل چھپاتے ہوئے نظر آئے۔ ابتدائی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ گنتی ہال میں داخلے اور اخراج کے وقت عملے کی تلاشی نہیں لی جاتی تھی اور ملازمین کی ذاتی اشیا کی مناسب نگرانی بھی نہیں کی جاتی تھی، جس کے باعث سلامتی کے نظام میں سنگین کوتاہیاں رہیں۔
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال سمیت اپوزیشن رہنماؤں نے اس معاملے میں ریاستی حکومت سے جواب دہی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ متعدد بار یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ رام مندر کے عطیات میں خرد برد کے ذمہ دار کسی بھی شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق، تفتیشی افسر آشوتوش تیواری نے جمعہ کے روز ایودھیا کی انسدادِ بدعنوانی عدالت میں تین ملزمان کے ریمانڈ کے دوران جمع کیے گئے شواہد اور دستاویزات پیش کیے۔ اس سے قبل عدالت نے ملزمان انوکلپ مشرا، لوکش مشرا اور کرونیش پانڈے کا 40 گھنٹے کا ریمانڈ منظور کیا تھا۔ اب تک اس مقدمے میں چار ملزمان کو عدالتی تحویل میں بھیجا جا چکا ہے۔ تفتیشی افسر نے برآمد شدہ اشیا انسدادِ بدعنوانی ایکٹ کے خصوصی جج رجت ورما کے حوالے کر دی ہیں۔