رام مندر تنازعہ: وکلاء نے ٹرسٹ کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-07-2026
رام مندر تنازعہ: وکلاء نے ٹرسٹ کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا
رام مندر تنازعہ: وکلاء نے ٹرسٹ کے عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر کا مطالبہ کیا

 



نئی دہلی
فیض آباد بار ایسوسی ایشن کے وکلا نے رام مندر میں چڑھاوے کی مبینہ خرد برد کے معاملے پر جمعرات کو احتجاجی مارچ نکالا اور رام مندر ٹرسٹ کے سابق جنرل سیکریٹری چمپت رائے، رکن انیل مشرا اور گوپال راؤ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
ضلع بار ایسوسی ایشن کے صدر کالیکا پرساد مشرا نے بتایا کہ اس معاملے میں پہلی ایف آئی آر درج کرانے والے شکایت کنندہ اور ٹرسٹ کے ایک دیگر رکن کرشن موہن کا نام بھی وکلا کی جانب سے پولیس کو دی گئی شکایت میں بطور ملزم شامل کیا گیا ہے۔
وکلا نے عدالتی احاطے سے شری رام جنم بھومی تھانے تک مارچ کیا اور اپنی شکایت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس معاملے میں فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے اور الزامات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔
اس دوران وکلا نے رام مندر ٹرسٹ کے عہدیداروں کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ مارچ کے دوران ہجوم کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس اہلکاروں کو کافی مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض وکلا نے الزام لگایا کہ دھکم پیل کے دوران انہیں معمولی چوٹیں بھی آئیں۔
تھانے پہنچنے کے بعد متعدد وکلا تھانہ انچارج کے دفتر میں جمع ہو گئے اور فوری طور پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرنے لگے۔ پولیس حکام نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ شکایت کی مکمل جانچ کی جائے گی اور قانون کے مطابق مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کالیکا پرساد مشرا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار ایسوسی ایشن نے کئی نامزد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔