نئی دہلی
اداکار رام چرن کی فلم پیددی نے عالمی باکس آفس پر 366 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔اس فلم کی ہدایت کاری بُچی سانا نے کی ہے اور یہ 4 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی۔
فلم میں شیوا راجکمار اور جھانوی کپور نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں۔فلم کی پروڈیوسر کمپنی وردھی سنیماز نے ہفتے کے روز اپنے سرکاری ایکس ہینڈل پر ٹکٹ کھڑکی سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدنی کی تفصیلات جاری کیں۔
فلم نے ریلیز کے پہلے ہی دن 135.36 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا، جبکہ پہلے ویک اینڈ میں اس کی کمائی 236.7 کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پیددی سال 2026 میں جنوبی ہندوستان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔ فلم نے صرف نو دنوں میں دنیا بھر سے 366 کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔
1980 کی دہائی کے دیہی آندھرا پردیش کے پس منظر میں بنائی گئی فلم ’’پیددی‘‘ ایک نچلی ذات سے تعلق رکھنے والے دیہاتی نوجوان کی کہانی ہے، جو اپنے معاشرے کے لیے شناخت اور عزت حاصل کرنے کی خاطر کشتی کا راستہ اختیار کرتا ہے۔
فلم میں جگپتی بابو، دیویندو اور بومن ایرانی بھی اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔اس فلم کی پروڈکشن وینکٹ ستیش کلارو نے وردھی سنیماز کے بینر تلے کی ہے، جبکہ اس کی موسیقی اے آر رحمان نے ترتیب دی ہے۔