بہار: رام نومی کے دوران مسجد کے محافظ بنے رام بھکت

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 15-04-2022
بہار: رام نومی کے دوران مسجد کے محافظ بنے رام بھکت
بہار: رام نومی کے دوران مسجد کے محافظ بنے رام بھکت

 



 

آواز دی وائس / نئی دہلی

رواں ماہ پورے ملک میں رام نومی کا تہوار تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔اس دوران ملک بھر میں بڑے پیمانے پر رام بھکتوں کی جانب سے مذہبی جلوس نکالے گئے۔ وہیں ملک کے مختلف حصوں میں تشدد بھی برپا ہوگیا۔

مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، راجستھان اور گجرات سمیت متعدد ریاستوں سے تشدد کی اطلاعات ہیں۔ تاہم اس دوران کئی مقامات پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالیں بھی دیکھنے کو ملیں۔

ریاست بہار گوتم بدھ کی سرزمین ہے اور یہاں سے ملک اور دنیا کو ہمیشہ امن و شانتی کا پیغام ملتا ہے۔ اس بار بھی ایسا ہی ہوا۔

بہار کے کٹیہار ضلع میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا انوکھا منظر دیکھنے کو ملا۔ یہاں رام بھکتوں نے مسجد کے سامنے انسانی زنجیر بناتے ہوئے نظر آئے تاکہ رام نومی کے جلوس کے دوران مسجد کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

اویس سلطان خان نامی ٹوئٹر صارف نے ایک تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ بہار کے کٹیہار میں رام نومی کے جلوس کے دوران اکثریتی برادری کے لوگوں نے جامع مسجد کے سامنے،مسجد کی حفاظت کے لیے انسانی زنجیر بنائی۔

 

 وہیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی ایسی ہی مثال مہاراشٹر کے اورنگ آباد سے دیکھنے کو ملی۔ اورنگ آباد میں رام نومی کا جلوس نکالا گیا لیکن جب یہ جلوس ایک مسجد کے سامنے سے گزرا۔ جلوس کی جانب ڈی جے بند کردیا گیا۔

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ان واقعات کو لوگوں کی طرف سے سراہا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر ٹویٹ کیا جا رہا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ کورونا کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے رام نومی کا جلوس نہیں نکالا جا رہا تھا لیکن اس سال یہ جلوس نکالا گیا۔ جلوس کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں پرتشدد واقعات بھی پیش آئے، جن میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ کہیں کہیں لوگ مسجدوں پر چڑھ  کر بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے بھی دکھائی دیے۔