راجیہ سبھا انتخابات بتائیں گے کہ کون سی پارٹیاں بی جے پی کے ساتھ ہیں: عمر عبداللہ
سری نگر/ آواز دی وائس
جموں و کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز کہا کہ مرکز کے زیرِ انتظام خطے میں راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے لیے ہونے والے انتخابات کے نتائج سے یہ واضح ہو جائے گا کہ کون سی جماعتیں ہندوستانی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت میں ہیں اور کون اس کے خلاف۔
جموں و کشمیر میں 2021 سے خالی راجیہ سبھا کی چار نشستوں کے انتخابات 24 اکتوبر کو ہونے والے ہیں۔
عمر عبداللہ نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب سے یہ پتہ چل جائے گا کہ کون بی جے پی کا حامی ہے اور کون مخالف۔ پچھلے ایک سال میں کسی بھی پارٹی نے بی جے پی کو حمایت نہیں دی ہے اور وہ اپنے بل بوتے پر ایک بھی نشست نہیں جیت سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی کوئی بھی نشست جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ ’’دھن بل، باہو بل اور ایجنسیوں کے غلط استعمال‘‘ کی وجہ سے ہوگی۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی پارٹی نیشنل کانفرنس (نک) راجیہ سبھا کی چوتھی نشست پر بھی اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تین امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ہمیں لگا کہ چوتھی نشست پر کانگریس کی جیت کے امکانات سب سے زیادہ ہیں، لیکن پارٹی کی رائے کچھ اور تھی۔ ایک سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کو نظرانداز کیے جانے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے سب سے بڑے رہنما ہیں... وہ ملک کے سب سے محترم رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔ اگر فاروق صاحب راجیہ سبھا کا انتخاب لڑنا چاہیں تو انہیں انکار کرنے کی جرأت کون کرے گا؟‘
وزیراعلیٰ نے نیشنل کانفرنس کے صدر کے بڈگام اسمبلی ضمنی انتخاب لڑنے کی قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ جس شخص نے راجیہ سبھا کا انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ اسمبلی انتخابی مہم میں خود کو کیوں الجھائے گا؟
بڈگام اور نگروٹہ ضمنی انتخابات کے امیدواروں کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ نے کہا کہ وقت آنے پر ان کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔