راج ناتھ سنگھ نے بشکیک کے وکٹری اسکوائر پر شہید ہونے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-04-2026
راج ناتھ سنگھ نے بشکیک کے وکٹری اسکوائر پر شہید ہونے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا
راج ناتھ سنگھ نے بشکیک کے وکٹری اسکوائر پر شہید ہونے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا

 



بشکیک
وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز بشکیک کے وکٹری اسکوائر پر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پھولوں کی چادر چڑھائی، جس کے ساتھ دارالحکومت میں ان کی سرکاری مصروفیات کا باوقار آغاز ہوا۔یہ دورہ پیر کے روز ان کی کرغز دارالحکومت آمد کے بعد ہو رہا ہے، جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے دفاع کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ اس اجلاس میں علاقائی سلامتی اور مغربی ایشیا میں جاری بحران اہم موضوعات ہوں گے۔
منگل کو ہونے والے اس اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے دفاع بین الاقوامی امن، انسدادِ دہشت گردی اقدامات اور تنظیم کے اندر دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے جیسے اہم امور پر غور کریں گے۔وزارتِ دفاع کے مطابق، اس سال کا اجلاس مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے پس منظر میں ہو رہا ہے، اور ایس سی او، جو دنیا کی بڑی سیاسی و اقتصادی تنظیموں میں شمار ہوتی ہے، اس کشیدگی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے حکمتِ عملی پر غور کرے گی۔
نئی دہلی سے روانگی سے قبل راج ناتھ سنگھ نے عالمی سطح پر ہندوستان کی ترجیحات کو واضح کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ کرغزستان کے شہر بشکیک کے لیے روانہ ہو رہا ہوں… دنیا میں موجود سکیورٹی چیلنجز کے درمیان عالمی امن کے لیے ہندوستان کے عزم کو اجاگر کروں گا، اور دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف زیرو ٹالرنس کے ہندوستانی موقف کو بھی پیش کروں گا۔
بشکیک پہنچنے پر وزیرِ دفاع کا روایتی استقبالیہ کیا گیا، جس میں انہیں کرغزستان کی مشہور روایتی ڈش "بورسوک" پیش کی گئی۔سرکاری اجلاس کے علاوہ، راج ناتھ سنگھ مختلف شریک ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں باہمی سلامتی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ایس سی او میں اس وقت ہندوستان، روس، چین، پاکستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ایران اور بیلاروس شامل ہیں۔2017 میں مکمل رکن بننے کے بعد سے ہندوستان نے اس تنظیم میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور 2023 میں گردشی صدارت بھی سنبھالی تھی۔یہ تنظیم 2001 میں روس، چین اور وسطی ایشیائی ممالک کی جانب سے قائم کی گئی تھی اور گزشتہ دو دہائیوں میں ایک مضبوط علاقائی طاقت بن چکی ہے۔
گزشتہ سال ہندوستانی صدارت کے دوران ایران کو باضابطہ طور پر مکمل رکن بنایا گیا، جس سے تنظیم کے اسٹریٹجک اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہوا۔