راج ناتھ سنگھ نے مغربی ایشیا کی صورت حال پر میٹنگ کی صدارت کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
راج ناتھ سنگھ نے مغربی ایشیا کی صورت حال پر  میٹنگ کی صدارت کی
راج ناتھ سنگھ نے مغربی ایشیا کی صورت حال پر میٹنگ کی صدارت کی

 



نئی دہلی
راجناتھ سنگھ نے پیر کو مغربی ایشیا کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے تشکیل دیے گئے وزراء کے غیر رسمی بااختیار گروپ  کی ایک میٹنگ کی صدارت کی۔یہ میٹنگ خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کا جائزہ لینے اور اس سے متعلق معاملات پر تبادلۂ خیال کے لیے منعقد کی گئی۔
اس سے قبل اتوار کو نریندر مودی نے حیدرآباد میں ہر ہندوستانی شہری سے عالمی کشیدگی کے دوران اقتصادی مضبوطی کے اجتماعی مشن میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور بین الاقوامی تنازعات کے سبب بڑھتی قیمتوں کے پس منظر میں وزیر اعظم نے موجودہ بحران کو صرف حکومت کا چیلنج نہیں بلکہ قومی کردار کا امتحان قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حب الوطنی صرف سرحد پر جان قربان کرنے کی خواہش کا نام نہیں ہے۔ آج کے دور میں اس کا مطلب ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنا اور روزمرہ زندگی میں قوم کے تئیں اپنے فرائض ادا کرنا بھی ہے۔وزیر اعظم کی تقریر ’’اقتصادی خود دفاع‘‘ کے لیے ایک عملی رہنمائی کے طور پر سامنے آئی، جس میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی مالی صحت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی کھپت کی عادات میں تبدیلی لائیں۔ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے وزیر اعظم مودی نے نقل و حمل کے طریقوں میں تبدیلی پر زور دیا۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ جہاں ممکن ہو میٹرو اور عوامی ٹرانسپورٹ کا استعمال کریں، نجی گاڑیوں کی ضرورت پڑنے پر کار پولنگ کو ترجیح دیں، سامان کی نقل و حمل کے لیے ریل خدمات استعمال کریں اور برقی گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کریں۔
انہوں نے کووڈ-19 کے دوران حاصل ہونے والی سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے ورچوئل انفراسٹرکچر کو دوبارہ فروغ دینے کی اپیل کی تاکہ ملک کے کاربن اخراج اور توانائی کے اخراجات کو کم کیا جا سکے۔ اپنے دورِ حکومت کی ایک براہِ راست اپیل میں وزیر اعظم نے شہریوں سے کہا کہ وہ ’’روپے کے محافظ‘‘ بنیں اور غیر ملکی زرمبادلہ کے اخراج کے حوالے سے محتاط رہیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ غیر ضروری بیرونِ ملک سفر، غیر ملکی تعطیلات اور بیرونِ ملک شادیوں سے گریز کر کے زرمبادلہ کے ذخائر کو محفوظ رکھنے میں تعاون کریں، جبکہ لوگوں کو ملکی سیاحت اپنانے اور تقریبات ملک کے اندر منعقد کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے ایک سال تک غیر ضروری سونے کی خریداری سے بچنے کی بھی درخواست کی تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ پر دباؤ کم ہو سکے۔
وزیر اعظم نے شہریوں سے کہا کہ وہ ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ اور مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات کو ترجیح دیں، جن میں روزمرہ استعمال کی اشیا جیسے جوتے، بیگ اور دیگر لوازمات شامل ہیں۔ انہوں نے خاندانوں سے خوردنی تیل کے استعمال میں کمی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف قومی معیشت بلکہ ذاتی صحت کو بھی فائدہ ہوگا۔
کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے قدرتی کھیتی کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کیمیائی کھادوں کے استعمال میں 50 فیصد کمی کی اپیل کرتے ہوئے کسانوں کو ماحولیاتی تحفظ اور اقتصادی خود انحصاری کی جنگ کا اگلا سپاہی قرار دیا۔وزیر اعظم نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ عالمی حالات غیر یقینی ہیں، لیکن ہندوستان کی اصل طاقت اس کے 1.4 ارب عوام کی ’’چھوٹی چھوٹی کوششوں‘‘ میں پوشیدہ ہے۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ ہندوستان کی ترقی کا اگلا باب صرف پالیسی دستاویزات میں نہیں بلکہ پٹرول پمپ، زیورات کی دکان اور کھانے کی میز پر کیے جانے والے روزمرہ فیصلوں میں لکھا جائے گا۔