مغربی بنگال میں اقتدار ملنے پر خواتین کی حفاظت کے لیے "درگا اسکواڈ" قائم کیا جائے گا: راجناتھ سنگھ
سینتھیا
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز اعلان کیا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی مغربی بنگال میں اقتدار میں آتی ہے تو خواتین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے "درگا اسکواڈ" تشکیل دیا جائے گا، ساتھ ہی انہوں نے حکمراں ترنمول کانگریس پر اپنی تنقید بھی تیز کر دی۔
ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ ہم خواتین کے خلاف مظالم کو روکنے کے لیے درگا اسکواڈ قائم کریں گے۔ جو لوگ خواتین کو تنگ کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی کی حکومت آنے کے بعد ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم ہوگی۔انہوں نے آنے والے انتخابات کو ایک فیصلہ کن مرحلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ کو طے کرنا ہے کہ آپ خوف چاہتے ہیں یا تحفظ، بدعنوانی یا ترقی، غنڈہ گردی یا جمہوریت۔ تبدیلی کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتخاب خوف اور اعتماد کے درمیان ہے۔ 4 مئی کو اندھیرا ختم ہوگا اور ایک نئی صبح کا آغاز ہوگا، اور بنگال میں کمل کھلے گا۔اس سے قبل دن میں سنگھ نے ترنمول کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام لگایا کہ ایک دہائی سے زیادہ اقتدار میں رہنے کے باوجود ریاست ترقی میں پیچھے رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کے عوام نے ترنمول کانگریس کو مسلسل تین مواقع دیے۔ پندرہ سال کسی ریاست کی ترقی کے لیے کم وقت نہیں ہوتا۔ کئی ریاستوں نے صرف پانچ سے آٹھ سال میں نمایاں ترقی کی ہے۔
وزیر دفاع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ترنمول حکومت کے دور میں مغربی بنگال کی معیشت میں حصہ کم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کا ملک کی معیشت میں حصہ جو پہلے 10 فیصد تھا، ترنمول کے اقتدار میں آنے کے بعد کم ہو کر 5 فیصد رہ گیا ہے۔" انہوں نے ریاستی حکومت پر خوف کا ماحول پیدا کرنے کا الزام بھی لگایا۔
خواتین ووٹروں سے اپیل کرتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی قانون ساز اداروں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔بی جے پی کی کامیابی کے حوالے سے اعتماد ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں واضح بلکہ دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔
مغربی بنگال میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو کی جائے گی۔