جے پور
ہفتہ کی صبح چاکسو علاقے میں ایک کار ڈمپر ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے، پولیس نے بتایا۔ یہ حادثہ صبح تقریباً 6 بجے ٹیگاڑیا کے قریب پیش آیا، جس میں چار مرد اور ایک خاتون جان کی بازی ہار گئے۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر جئے سنگھ کے مطابق، ہلاک ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
اے ایس آئی سنگھ نے بتایا کہ حادثے کے شکار افراد جبَل پور سے اُجّین جا رہے تھے۔ ڈمپر سے ٹکر کے بعد خاتون اور تین مرد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ایک زخمی شخص کو علاج کے لیے چاکسو لے جایا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج چل بسا۔
انہوں نے کہا كہ صبح تقریباً 6 بجے پی سی آر سے اطلاع ملی کہ ٹیگاڑیا کے قریب ایک کار ڈمپر سے ٹکرا گئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ مدھیہ پردیش رجسٹریشن نمبر والی ایک کار، جس میں پانچ مرد اور ایک خاتون سوار تھے، ڈمپر کے پچھلے حصے سے جا ٹکرائی۔ تین مرد اور ایک خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ فوراً ایمبولینس بلائی گئی اور زخمیوں کو چاکسو سی ایچ سی لے جایا گیا۔ ایک شخص زندہ تھا لیکن وہ بھی علاج کے دوران فوت ہو گیا۔ تمام لاشیں مردہ خانے میں رکھی گئی ہیں۔ نمبر پلیٹ کی تفصیلات کی بنیاد پر اہلِ خانہ سے رابطہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
واقعے کی تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ اس سے قبل منگل کے روز دوسہ ضلع کے سیکندرا تھانہ علاقے میں نیشنل ہائی وے-21 پر کیلاٸی کے قریب ایک کار اور ٹریلر کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر ہوئی تھی۔
اس حادثے میں کار میں سوار تمام چھ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
حادثے کے مقام پر افرا تفری مچ گئی۔ چار زخمیوں کو اسپتال لایا گیا، جہاں چار کو مردہ قرار دیا گیا۔ ایک شخص کی دوسہ ضلع اسپتال میں موت ہوئی، جبکہ ایک شدید زخمی نے جے پور میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
ڈاکٹروں نے لوکیش (ولد گووردھن یوگی)، دلخوش (ولد بنواری یوگی)، منیش (ولد ہری موہن یوگی) اور انکت (ولد لالارام بیروہ) کو مردہ قرار دیا۔ تمام متوفی ایک ہی گاؤں کالا کھوہ کے رہائشی تھے۔