ممبئی : کچھ حصوں میں بارش ،آئی ایم ڈی نے الرٹ جاری کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 25-06-2026
ممبئی : کچھ حصوں میں بارش ،آئی ایم ڈی نے الرٹ جاری کیا
ممبئی : کچھ حصوں میں بارش ،آئی ایم ڈی نے الرٹ جاری کیا

 



ممبئی 
جمعرات کی صبح ممبئی کے کئی علاقوں میں بارش کی شدت بڑھ گئی، جس کے بعد ہندوستانی محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ممبئی، ٹھانے اور رائے گڑھ اضلاع کے لیے ییلو وارننگ جاری کر دی۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں تک پورے مہاراشٹر میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کی جانب سے جاری کردہ "ناؤکاسٹ" وارننگ کے مطابق ممبئی، ٹھانے اور رائے گڑھ کے بعض علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش متوقع ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسلسل بارش کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
آئی ایم ڈی نے مزید بتایا کہ 24 جون تک جنوب مغربی مون سون شمال مشرقی بحیرۂ عرب، گجرات اور مدھیہ پردیش کے بعض حصوں، مہاراشٹر کے باقی علاقوں اور چھتیس گڑھ و جھارکھنڈ کے مزید علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔
محکمہ کے مطابق آئندہ چند دنوں میں گجرات، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، بہار اور اتر پردیش کے مزید علاقوں میں مون سون کی پیش قدمی کے لیے سازگار حالات موجود ہیں۔مغربی ہندوستان کے لیے اپنی تازہ پیش گوئی میں آئی ایم ڈی نے کہا ہے کہ 24 جون سے 30 جون کے درمیان کونکن اور گوا میں کافی زیادہ اور وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔
مدھیہ مہاراشٹر میں 24 جون کو اور پھر 26 سے 27 جون کے دوران کئی مقامات پر بارش متوقع ہے، جبکہ مراٹھواڑہ میں 24 سے 26 جون کے درمیان اسی طرح کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے 25 تا 26 جون اور 28 تا 30 جون کے دوران کونکن اور گوا کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ 27 جون کو چند مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔اسی طرح مدھیہ مہاراشٹر میں 25 سے 27 جون کے درمیان اور پھر 30 جون کو بھی شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق 28 جون تک کونکن اور گوا میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ آندھی طوفان آنے کا امکان ہے، جبکہ پیش گوئی کے پورے عرصے کے دوران مدھیہ مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے بعض علاقوں میں گرج چمک، تیز ہوائیں اور 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار سے ہوا کے جھکڑ چل سکتے ہیں۔