نئی دہلی/ آواز دی وائس
لوک سبھا کے سرمائی اجلاس کے دوران وندے ماترم کو لے کر ہونے والی شدید بحث کے درمیان، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن پارلیمان سمبت پاترا نے پیر کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں کانگریس کے "قومی گیت کے ساتھ کی گئی غداری" کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پاترا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا بحث کے دوران ایوان میں موجود نہیں تھے کیونکہ وندے ماترم کے حوالے سے پارٹی کے تاریخی مؤقف پر انہیں "احساسِ جرم" تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے آج اپنی تقریر میں کانگریس کی ’وندے ماترم‘ کے ساتھ کی گئی غداری کو بے نقاب کیا۔ پارلیمنٹ میں اتنی اہم بحث چل رہی تھی مگر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی واڈرا دونوں ایوان میں موجود نہیں تھے، کیونکہ ان کے دل میں وندے ماترم سے کی گئی غداری کا گناہ موجود تھا۔ وہ جانتے تھے کہ وہ اس مباحثے کا سامنا نہیں کر پائیں گے۔
اس سے پہلے، سرمائی اجلاس کے چھٹے دن وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر قومی گیت کی بے ادبی کا الزام لگاتے ہوئے سخت تنقید کی۔ انہوں نے راہل گاندھی پر بحث کے دوران عدم موجودگی کے لیے نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ونده ماترم پر سمجھوتہ کیا اور "مسلم لیگ کے آگے سر جھکا دیا"۔
لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سنجیدہ بحث چل رہی ہے، لیکن لیڈر آف اپوزیشن راہل گاندھی ایوان میں موجود نہیں ہیں۔ پہلے نہرو، اب راہل گاندھی دونوں نے وندے ماترم کی بے ادبی کی ہے۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ کانگریس نے قومی گیت کی توہین کی اور مسلم لیگ کے سامنے جھک گئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آج بھی وندے ماترم کی بے عزتی کرتی ہے۔ کانگریس نے وندے ماترم پر سمجھوتہ کیا اور مسلم لیگ کے آگے سرنڈر کیا۔ نہرو نے وندے ماترم کے ’ٹکڑے ٹکڑے‘ کر دیے تھے۔
انہوں نے ایک تاریخی خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نہرو نے نیتاجی سبھاش چندر بوس کو لکھا تھا کہ وندے ماترم مسلمانوں کو مشتعل کر سکتا ہے۔ وندے ماترم کے ساتھ غداری کی گئی۔ وزیر اعظم نے آزادی کی جدوجہد میں اس گیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ "ہزار سال کی تاریخ اور وراثت کو دوبارہ زندہ کرنے" کے لیے لکھا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وندے ماترم ہماری آزادی کی تحریک کی آواز بن گیا۔ اس نے پورے ملک کو جوڑا، ہر ہندوستانی کا عزم بن گیا… ’سَوادھ کا بَلدان ہے یہ شبد وندے ماترم‘، ’ویر کا اَبھیمان ہے یہ شبد وندے ماترم‘۔ انگریزوں کے دور میں ہندوستان کو کمزور، سست اور ناکارہ دکھانا ایک رواج بن چکا تھا۔ اپنے ہی ملک کے لوگ بھی وہی زبان بولنے لگے تھے۔ بنکم دا نے اس گیت کے ذریعے ملک کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اور بیداری لانے کی کوشش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وندے ماترم صرف سیاسی آزادی کا منتر نہیں بلکہ آج اس کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر "ہماری عظیم تہذیبی وراثت کا جدید روپ" ہے۔ انہوں نے وندے ماترم کو "طاقتور منتر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک آزادی کی توانائی اور حوصلے کا سب سے بڑا نعرہ تھا، اور حکومت اس کی شان کو آنے والی نسلوں کے لیے بحال کرنے کا عزم رکھتی ہے۔