راہل گاندھی کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، راحتی کاموں کا جائزہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
راہل گاندھی کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، راحتی کاموں کا جائزہ
راہل گاندھی کا پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، راحتی کاموں کا جائزہ

 



چنڈی گڑھ : کانگریس کے ایم پی اور لوک سبھا میں قائدِ حزب اختلاف راہل گاندھی نے پیر کے روز پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔کانگریس نے ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ راہل گاندھی نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور راحتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اپنے دورے کے دوران لوک سبھا کے لیڈر آف اپوزیشن نے گرداسپور میں ان کسانوں سے بھی ملاقات کی جو شدید سیلاب سے متاثر ہوئے تھے۔

 کانگریس نے اپنی پوسٹ میں لکھاقائد حزبِ اختلاف  @RahulGandhiنے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور راحتی کاموں کا جائزہ لیا۔ پنجاب کے تباہ کن سیلاب نے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں اجاڑ دی ہیں۔ ریاست کو جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے اور لوگ ریلیف کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

 صورتحال نہایت سنگین ہے۔ ایسے مشکل وقت میں ہر کانگریسی کارکن پنجاب کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہم سب سے اپیل کرتے ہیں کہ سیلاب متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ ہمیں مل کر اس آفت پر قابو پانا ہوگا۔اپنے دورے کے دوران کانگریس لیڈر پرگٹ سنگھ نے کہا کہ راہل گاندھی پنجاب کے درد کو بخوبی سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ راہل جی پنجاب کا درد اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ وہ اجنالہ کے متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ گرودوارے میں حاضری دیں گے اور پھر متاثرہ کسانوں، مزدوروں اور مقامی لوگوں سے گفتگو کریں گے

پنجاب کے سیلاب پر بات کرتے ہوئے پرگٹ سنگھ نے سوال اٹھایا کہ ریاست کے لئے مختص 1200 کروڑ روپے کے ایس ڈی آر ایف فنڈ کا کیا ہوا۔

انہوں نے کہاکہ 1200 کروڑ روپے کے ایس ڈی آر ایف فنڈ کے استعمال پر کوئی بات نہیں کر رہا… ہمیں ان لوگوں کی مدد پر توجہ دینی چاہیے جن کا مال و اسباب سیلاب میں برباد ہو گیا ہے۔اسی دوران سابق ایم ایل اے نوجوت کور سدھو نے راہل گاندھی کے دورے کو پنجاب کے پارٹی کارکنوں کے لئے بڑی تحریک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے بڑی تحریک ہے… وہ ہمارے سب سے بڑے لیڈر ہیں، اور وہ ہمیں مسلسل ہدایت دیتے رہتے ہیں کہ ’سیوا‘ کرتے رہو۔ جو کام ہم زمینی سطح پر کر رہے ہیں وہ دوسروں کے لئے بھی مثال ہے۔ جب ایک سینئر لیڈر آپ کی محنت کو نوٹس کرتا ہے تو اس سے مزید کام کرنے کا حوصلہ ملتا ہے۔تاہم انہوں نے ریاست کی حکمراں حکومت پر بھی سوال اٹھایا کہ حکام نے دریاؤں کے کنارے مکانات کی تعمیر کی اجازت کیوں دی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنہوں نے ایک ساتھ پانی چھوڑا ہے، انہیں سزا ملنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ریاست کی تیاری کہاں تھی (قدرتی آفات کے لئے)؟ آپ (حکومت) نے دریاؤں کے قریب مکانات کی تعمیر کی اجازت کیوں دی؟ جن لوگوں نے ایک ساتھ پانی چھوڑا ہے انہیں سزا دی جانی چاہیے۔
دریں اثنا، تازہ ترین سیلابی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کل 1,98,525 ہیکٹر رقبے کی فصل متاثر ہوئی ہے، جن میں سب سے زیادہ نقصان گرداسپور (40,169 ہیکٹر)، پٹیالہ (17,690 ہیکٹر)، ترن تارن (12,828 ہیکٹر)، فاضلکا (25,182 ہیکٹر)، فیروزپور (17,257 ہیکٹر) اور کپورتھلہ (17,574 ہیکٹر) وغیرہ میں ہوا ہے۔
پنجاب کے ریونیو، بازآبادکاری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے وزیر ہردیپ سنگھ کے مطابق پنجاب میں سیلاب سے اب تک ریاست بھر میں کل اموات کی تعداد 56 تک پہنچ گئی ہے۔