راہل گاندھی نے مغربی ایشیا کے بحران سے نمٹنے کے لیے مودی کی سات اپیلوں کو نشانہ بنایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-05-2026
راہل گاندھی نے مغربی ایشیا کے بحران سے نمٹنے کے لیے مودی کی سات اپیلوں کو نشانہ بنایا
راہل گاندھی نے مغربی ایشیا کے بحران سے نمٹنے کے لیے مودی کی سات اپیلوں کو نشانہ بنایا

 



نئی دہلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے پیر کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی کی مغربی ایشیا بحران سے نمٹنے کے لیے کی گئی حالیہ ’’سات اپیلوں‘‘ پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں ’’نصیحتیں‘‘ نہیں بلکہ ’’ناکامیوں کا ثبوت‘‘ قرار دیا۔’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں کانگریس رکنِ پارلیمنٹ نے وزیرِ اعظم مودی پر اپنی تنقید مزید تیز کرتے ہوئے انہیں ’’سمجھوتہ کرنے والے وزیرِ اعظم‘‘ کہا اور دعویٰ کیا کہ اب ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں رہی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعظم اپنی ذمہ داری عوام پر ڈال رہے ہیں تاکہ حکومت خود جوابدہی سے بچ سکے۔
راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ مودی جی نے کل عوام سے قربانی مانگی — سونا مت خریدو، بیرونِ ملک مت جاؤ، پٹرول کم استعمال کرو، کھاد اور کھانے کے تیل میں کمی کرو، میٹرو سے سفر کرو، گھر سے کام کرو۔ یہ نصیحتیں نہیں بلکہ ناکامیوں کے ثبوت ہیں۔ بارہ برسوں میں انہوں نے ملک کو ایسی حالت میں پہنچا دیا ہے کہ عوام کو بتایا جا رہا ہے کہ کیا خریدیں، کیا نہ خریدیں، کہاں جائیں اور کہاں نہ جائیں۔ ہر بار وہ ذمہ داری عوام پر ڈال دیتے ہیں تاکہ خود جوابدہی سے بچ سکیں۔ اب ملک چلانا ایک ’سمجھوتہ کرنے والے وزیرِ اعظم‘ کے بس کی بات نہیں رہی۔
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز درآمدات پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہر گھر کو کھانے کے تیل کی کھپت کم کرنی چاہیے اور زرمبادلہ بچانے کے ساتھ ماحولیات کے تحفظ کے لیے قدرتی کھیتی کی طرف بڑھنا چاہیے۔
سکندرآباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ کھانے کے تیل کی کھپت کم کرنے سے نہ صرف عوام کی صحت بہتر ہوگی بلکہ ملک کی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا، ’’کھانے کے تیل کے معاملے میں بھی یہی بات لاگو ہوتی ہے۔ ہمیں اس کی درآمد پر زرمبادلہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔ اگر ہر گھر کھانے کے تیل کا استعمال کم کرے تو یہ حب الوطنی میں ایک بہت بڑا تعاون ہوگا۔ اس سے ملک کے خزانے کی صحت اور خاندان کے ہر فرد کی صحت بہتر ہوگی۔
کھاد کی درآمد کے بوجھ کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہندوستان کیمیائی کھاد کی درآمد پر بڑی مقدار میں زرمبادلہ خرچ کرتا ہے اور کسانوں سے اس کے استعمال کو کم کرنے کی اپیل کی
انہوں نے مزید کہا کہ ایک اور شعبہ جو زرمبادلہ خرچ کرتا ہے وہ ہماری زراعت ہے۔ ہم بیرونِ ملک سے بڑی مقدار میں کیمیائی کھاد درآمد کرتے ہیں۔ ہمیں کیمیائی کھاد کا استعمال آدھا کر دینا چاہیے اور قدرتی کھیتی کی طرف بڑھنا چاہیے۔ اس طرح ہم زرمبادلہ کے ساتھ ساتھ اپنے کھیتوں اور دھرتی ماں کو بھی محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
اس دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی نے حب الوطنی کے جدید مفہوم کو نئی شکل دیتے ہوئے ہر ہندوستانی شہری سے معاشی مضبوطی کے لیے اجتماعی تحریک میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ عالمی سپلائی نظام میں رکاوٹوں اور بین الاقوامی تنازعات کے باعث بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پس منظر میں انہوں نے موجودہ بحران کو صرف حکومت کا مسئلہ نہیں بلکہ قومی کردار کا امتحان قرار دیا۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ حب الوطنی کا مطلب صرف سرحد پر جان قربان کرنے کی خواہش رکھنا نہیں ہے۔ ان مشکل حالات میں اس کا مطلب ذمہ داری کے ساتھ زندگی گزارنا اور روزمرہ زندگی میں قوم کے تئیں اپنے فرائض ادا کرنا ہے۔وزیرِ اعظم کی تقریر ’’معاشی خود دفاع‘‘ کے لیے ایک عملی رہنما کے طور پر سامنے آئی، جس میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ملک کی مالی صحت کے تحفظ کے لیے اپنی استعمال کی عادتوں میں تبدیلی لائیں۔
ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے وزیرِ اعظم مودی نے سفر کے طریقوں میں تبدیلی پر زور دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جہاں ممکن ہو میٹرو اور عوامی نقل و حمل کا استعمال کرکے پٹرول اور ڈیزل کی کھپت کم کریں، نجی گاڑی کے استعمال کی صورت میں مشترکہ سفر کو ترجیح دیں، مال برداری کے لیے ریل نقل و حمل اختیار کریں اور جہاں ممکن ہو برقی گاڑیوں کے استعمال میں اضافہ کریں۔