راہل گاندھی نے مودی کو نشانہ بنایا

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-10-2025
راہل گاندھی نے مودی کو نشانہ بنایا
راہل گاندھی نے مودی کو نشانہ بنایا

 



نالندہ /آواز دی وائس
کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت حملہ کرتے ہوئے ان کا تقابل سابق وزیراعظم اندرا گاندھی سے کیا اور 1971 کی بنگلہ دیش آزادی جنگ کا حوالہ دیا۔ بہار کے نالندہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ 1971 کی جنگ کے دوران اندرا گاندھی نے امریکہ کے دباؤ سے خوف نہیں کھایا، جب کہ وزیراعظم مودی میں نہ تو کوئی "دوراندیشی" ہے اور نہ ہی اتنی "صلاحیت" کہ وہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے ڈٹ سکیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ 1971 میں بنگلہ دیش کی آزادی کی لڑائی کے دوران امریکہ نے ہندوستان کو دھمکانے کے لیے اپنے جنگی طیارے اور بحری بیڑے بھیجے تھے۔ اُس وقت اندرا گاندھی وزیر اعظم تھیں۔ انہوں نے کہا تھا — ‘ہم تمہارے بحری بیڑے سے نہیں ڈرتے، جو کرنا ہے کرو، ہم بھی وہی کریں گے جو ہمیں کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اندرا گاندھی ایک خاتون تھیں، لیکن ان میں اس شخص (نریندر مودی) سے زیادہ حوصلہ تھا۔ نریندر مودی بزدل ہیں۔ ان کے پاس نہ وژن ہے نہ ہی وہ صلاحیت کہ امریکہ کے صدر کے سامنے کھڑے ہو سکیں۔ میں انہیں چیلنج دیتا ہوں — اگر نریندر مودی میں ہمت ہے تو بہار کے کسی بھی جلسے میں جا کر یہ کہیں کہ ‘امریکہ کا صدر جھوٹ بول رہا ہے، میں نے اس کے آگے سر نہیں جھکایا، اور میں نے آپریشن سندور نہیں روکا۔’ مگر وہ یہ نہیں کر سکتے۔
راہل گاندھی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہندوستان کے آپریشن سیندور کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ممکنہ جنگ کو روکنے میں کردار ادا کیا۔ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے شہر گیونگجو میں منعقدہ ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن سی ای اوز لنچ میں خطاب کے دوران کہا کہ ان کی ثالثی سے اس سال کے اوائل میں دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کو روکا گیا۔
اپنی تقریر جاری رکھتے ہوئے لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے وزیراعظم مودی کی “50 بار توہین” کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے صدر نے نریندر مودی کی 50 بار توہین کی ہے۔ ٹرمپ نے کہا  کہ میں نے مودی کو فون پر کہا کہ آپریشن سندور روک دو۔’ اور نریندر مودی نے دو دن کے اندر آپریشن سندور روک دیا۔ لیکن نریندر مودی میں یہ جرات نہیں کہ وہ کہہ سکیں ‘امریکہ کا صدر جھوٹ بول رہا ہے۔’ نریندر مودی کو ٹرمپ سے ملاقات کرنی تھی، مگر وہ خوف کے مارے نہیں گئے، چھپ کر بیٹھے ہیں۔ نریندر مودی میں ہمت نہیں ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ٹرمپ نے ایسے دعوے کیے ہوں۔ وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا، تاہم ہندوستانی حکام ان تمام دعوؤں کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔