نئی دہلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے منگل کو مغربی بنگال میں نئی منتخب بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت پر سخت تنقید کی۔ یہ تنقید اس وقت سامنے آئی جب ریاست کے چیف الیکٹورل افسر منوج کمار اگروال کو چیف سیکریٹری مقرر کیا گیا۔کانگریس رکنِ پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ایک بار پھر الیکشن کمیشن اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ملی بھگت کا الزام لگایا۔
راہل گاندھی نے لکھا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے ’چور بازار‘ میں جتنی بڑی چوری، اتنا بڑا انعام۔اس سے قبل پیر کو بھارتیہ جنتا پارٹی حکومت نے مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل افسر منوج کمار اگروال کو چیف سیکریٹری مقرر کیا تھا۔مغربی بنگال حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گورنر نے منوج کمار اگروال، چیف الیکٹورل افسر مغربی بنگال اور بحیثیت اضافی چیف سیکریٹری، محکمہ داخلہ و پہاڑی امور (انتخابات)، کو اگلے احکامات تک مغربی بنگال حکومت کا چیف سیکریٹری مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔
ریاستی اسمبلی انتخابات سے پہلے ترنمول کانگریس اور کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ الیکشن کمیشن مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اشاروں پر کام کر رہا ہے۔ ووٹر فہرست کی خصوصی نظرثانی کو لے کر ترنمول کانگریس اور الیکشن کمیشن کے درمیان تنازع بھی کافی سرخیوں میں رہا تھا۔2026 کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 294 رکنی اسمبلی میں 206 نشستیں جیتیں، جو ریاست کی سیاست میں ایک بڑا بدلاؤ مانا جا رہا ہے۔ پچھلے انتخابات میں پارٹی کو 77 نشستیں ملی تھیں۔
ترنمول کانگریس، جس نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں 212 نشستیں جیتی تھیں، اس بار صرف 80 نشستوں کے ساتھ دوسرے مقام پر رہی۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں ترنمول کانگریس کی 15 سالہ حکومت ختم ہو گئی۔ کانگریس صرف دو نشستوں تک محدود رہی۔فتح کے بعد سوویندو ادھیکاری نے مغربی بنگال کے نویں وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ کولکاتہ میں منعقدہ شاندار حلف برداری تقریب میں گورنر آر این روی نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس تقریب میں وزیرِ اعظم نریندر مودی، مرکزی وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی سینئر رہنما بھی موجود تھے۔