نئی دہلی : سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے کو خط لکھ کر پارٹی کے سینئر رہنما راہل گاندھی کی متعدد سابقہ غیر ملکی دوروں کے دوران سکیورٹی پروٹوکول کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا ہے۔
سینٹرل آرمڈ پولیس فورس (سی اے پی ایف) نے ایک علیحدہ خط میں یہ معاملہ راہل گاندھی کے سامنے بھی رکھا اور نشاندہی کی کہ یہ ان کی سکیورٹی کے حوالے سے سنگین تشویش کا باعث ہے۔ اہلکاروں کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ گاندھی، جو سب سے اعلیٰ سطح کی 'زی پلس' (Z+) سکیورٹی کے ساتھ ایڈوانس سکیورٹی لیزان (ASL) کور حاصل کرتے ہیں، نے کئی مواقع پر لازمی حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد نہیں کیا۔
سی آر پی ایف نے حال ہی میں راہل اور کھڑگے دونوں کو دیے گئے خط میں کہا کہ اس طرح کی کوتاہیاں وی وی آئی پی سکیورٹی انتظامات کی مؤثریت کو کمزور کرتی ہیں اور انہیں ممکنہ خطرات سے دوچار کر سکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سی آر پی ایف نے یہ معاملہ 10 ستمبر کو دونوں رہنماؤں کو بھیجے گئے علیحدہ خطوط میں اٹھایا اور آئندہ دوروں میں سکیورٹی پروٹوکول کی پابندی کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔
اپنے مراسلے میں سی آر پی ایف نے راہل گاندھی کے غیر ملکی دوروں کا حوالہ دیا، جن میں اٹلی، ویتنام، دبئی، قطر، لندن اور ملائیشیا شامل ہیں۔ راہل گاندھی اکثر ذاتی اور سیاسی مصروفیات کے لیے بیرونِ ملک سفر کرتے رہے ہیں۔ "ییلو بک" پروٹوکول کے تحت، اعلیٰ درجے کی سکیورٹی رکھنے والے افراد پر لازم ہے کہ وہ اپنے سفر، بشمول غیر ملکی دوروں کے بارے میں، پیشگی طور پر متعلقہ سکیورٹی ونگ کو اطلاع دیں تاکہ مناسب حفاظتی اقدامات اور تعیناتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اہلکاروں کا الزام ہے کہ راہل گاندھی نے ان طریقۂ کار پر مستقل مزاجی سے عمل نہیں کیا۔ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ راہل گاندھی کی سکیورٹی سوالوں کے گھیرے میں آئی ہو۔ اس سے قبل بھی سکیورٹی ایجنسیاں بعض مواقع پر ان کے جانب سے مقررہ پروٹوکول کو نظرانداز کرنے کی نشاندہی کر چکی ہیں، جس سے ممکنہ خطرات کے خدشات بڑھ گئے تھے۔ کانگریس پارٹی نے تاحال سی آر پی ایف کے تازہ ترین مراسلے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔