راہل گاندھی کی پالیسی یہ ہے کہ اونچی آواز میں جھوٹ بولو: شاہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-02-2026
راہل گاندھی کی پالیسی یہ ہے کہ اونچی آواز میں جھوٹ بولو: شاہ
راہل گاندھی کی پالیسی یہ ہے کہ اونچی آواز میں جھوٹ بولو: شاہ

 



کارائیکل
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتہ کے روز کہا کہ حال ہی میں طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدوں (ایف ٹی ایز) اور ہند۔امریکہ تجارتی معاہدے میں ہندوستان کے کسانوں اور ماہی گیروں کے مفادات کو مکمل طور پر محفوظ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی پر الزام لگایا کہ وہ ’’جھوٹ‘‘ کے ذریعے انہیں گمراہ کر رہے ہیں اور ’’فریب‘‘ پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف پر سخت حملہ کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ راہل گاندھی نے ’’روزانہ جھوٹ بولنے کی ایک نئی روایت شروع کر دی ہے۔یہاں ایک بڑے بی جے پی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا كہ راہل گاندھی کی پالیسی ہے جھوٹ بولنا، زور سے بولنا اور بار بار دہرانا۔ لیکن عوام آپ کی جھوٹ بنانے والی فیکٹری کو پہچان چکی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا كہ راہل گاندھی ملک کے ماہی گیروں اور کسانوں کو گمراہ کرنا چاہتے ہیں۔ وہ جھوٹ بول کر فریب پیدا کرنا چاہتے ہیں۔شاہ نے کہا کہ برطانیہ اور یورپی یونین کے ساتھ طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدوں کے علاوہ ہند۔امریکہ تجارتی معاہدے میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں، ماہی گیروں اور مویشی پالنے والوں کو ’’سو فیصد تحفظ‘‘ یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے راہل گاندھی سے کہا کہ وہ ایف ٹی ایز اور تجارتی معاہدے کی دفعات کو غور سے پڑھیں اور پھر دہرایا کہ ہندوستانی فریقوں کے مفادات کو ’’سو فیصد‘‘ تحفظ دیا گیا ہے۔ شاہ کے مطابق ان معاہدوں سے ماہی گیروں کو فائدہ ہوگا۔ امت شاہ نے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے دور میں کسانوں کے مفادات ’’بیچ دیے گئے‘‘ تھے۔
انہوں نے کہا كہ یہ ایف ٹی ایز اور تجارتی معاہدے ہمارے کسانوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ کسانوں کو نقصان آپ کی منموہن سنگھ حکومت کے دور میں ہوا تھا۔ اس وقت کئی عالمی معاہدے کیے گئے جن میں کسانوں کے مفادات قربان کر دیے گئے۔ یہاں نریندر مودی جی نے کسانوں اور مویشی پالنے والوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔
شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے کسانوں، مویشی پروری سے وابستہ بھائیوں اور بہنوں اور ماہی گیروں کو سو فیصد تحفظ فراہم کرنے کے لیے کام کیا ہے۔بی جے پی کے سینئر رہنما نے پڈوچیری میں وی نارائن سوامی (2016-21) کی قیادت والی سابق کانگریس حکومت کو بھی بدعنوانی پر نشانہ بنایا۔ انہوں نے حالیہ سی اے جی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس دور میں ’’15,000 کروڑ روپے کا پورا ترقیاتی فنڈ ہڑپ کر لیا گیا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کی جانچ شروع ہو چکی ہے اور 15,000 کروڑ روپے ’’پڈوچیری کا تین سالہ بجٹ‘‘ ہے۔
شاہ نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی جلد ہی پڈوچیری کا دورہ کریں گے، جہاں اپریل میں انتخابات ہونے والے ہیں، اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان اور افتتاح کریں گے۔ انہوں نے پڈوچیری کے ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ خطے کی ترقی کے لیے وزیر اعلیٰ این رنگاسوامی اور نریندر مودی کی قیادت میں اے آئی این آر سی۔بی جے پی حکومت کو دوبارہ منتخب کریں۔
بی جے پی کے تجربہ کار رہنما نے اعتماد ظاہر کیا کہ 2029 میں بھی نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی قیادت والا این ڈی اے مرکز میں دوبارہ اقتدار میں آئے گا۔