نئی دہلی
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے آج پارلیمنٹ میں گِگ ورکرز کا مسئلہ اٹھایا۔ راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کے حادثات اور اموات کی تعداد کے بارے میں بھی سوال کیا، لیکن حکومت کی جانب سے اس پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا گِگ ورکرز کو کم از کم اجرت دی جائے گی؟ اس سوال پر بھی حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا۔
انہوں نے بیمہ اسکیموں میں گِگ ورکرز کے کلیمز سے متعلق اعداد و شمار مانگے کہ کتنے کلیمز داخل کیے گئے، کتنے منظور ہوئے اور کتنے مسترد کیے گئے؟ اس کا بھی کوئی جواب نہیں ملا۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا بھی گِگ ورکرز کا مسئلہ اٹھا چکے ہیں۔
گِگ ورکرز کے حادثات میں اموات کے اعداد و شمار کی مانگ
راہل گاندھی نے گِگ ورکرز کے حادثات اور اموات کی تعداد کے بارے میں معلومات طلب کیں، لیکن حکومت نے اس پر بھی کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آئی ڈی بلاک کیے جانے، ذات کی بنیاد پر امتیاز اور خواتین ورکرز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت کے پاس کوئی منصوبہ ہے یا نہیں؟ اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
نیتی آیوگ کے اندازے کے مطابق جلد ہی ملک میں گِگ ورکرز کی تعداد 2 کروڑ سے زیادہ ہو جائے گی، لیکن ای شرم پورٹل پر اب تک صرف 8.8 لاکھ ورکرز ہی رجسٹر ہو سکے ہیں۔ بیمہ اسکیموں میں صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہے۔ پردھان منتری جیون جیوتی بیمہ یوجنا میں صرف 23,831 گِگ ورکرز نے رجسٹریشن کرایا ہے، جبکہ پردھان منتری سرکشا بیمہ یوجنا میں یہ تعداد محض 1.3 لاکھ ہے۔
حکومت کی خاموشی پر راہل کا حملہ
راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت کی خاموشی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ گِگ ورکرز کی محنت، ان کی عزت اور ان کی سلامتی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا گِگ ورکرز اس گِگ اکانومی کے شراکت دار بنیں گے یا صرف کارپوریٹ غلام بن کر رہ جائیں گے؟ انہوں نے کہا کہ اس معیشت کے فوائد کو ورکرز تک پہنچانے کے لیے مناسب آمدنی اور سماجی تحفظ کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔