نئی دہلی
راجستھان کے کوٹا میں راہل گاندھی کی طلبہ کے ساتھ گفتگو سے قبل، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے بدھ کے روز کانگریس رہنما پر الزام عائد کیا کہ وہ 21 جون کو ہونے والے نیٹ-یو جی کے دوبارہ امتحان کی تیاریوں میں مصروف طبی طلبہ کے مفادات کی قیمت پر سیاست کر رہے ہیں۔
بی جے پی کے مرکزی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے قومی ترجمان سدھانشو ترویدی نے سوال اٹھایا کہ راہل گاندھی نے طلبہ سے بات چیت کے لیے کوٹا کا ہی انتخاب کیوں کیا، جبکہ نیٹ کی دوبارہ آزمائش میں صرف 72 گھنٹے باقی ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی سیاسی فائدے کے لیے موقع پرستانہ طرزِ عمل اختیار کر رہے ہیں۔
ترویدی نے کہا کہ کیا کانگریس کی اندرونی سیاست کی وجہ سے آپ وہاں طلبہ کے جذبات سے کھیلنا چاہتے ہیں؟پیپر لیک کے خلاف کانگریس کی مہم اور نوجوانوں سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے راہل گاندھی شام کے وقت کوٹا میں طلبہ سے خطاب کریں گے۔کوٹا کے ایک اوپن تھیٹر میں منعقد ہونے والے اس پروگرام کو کانگریس ملک بھر میں طلبہ کانفرنسوں کے سلسلے کی پہلی تقریب کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
اس مہم کا مقصد مبینہ پرچہ لیک، امتحانات کے بڑھتے ہوئے اخراجات، اور بھرتی و تعلیمی نظام میں شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے میں حکومت کی مبینہ ناکامی کے باعث نوجوانوں کو درپیش مشکلات کو اجاگر کرنا ہے۔