ممبئی
کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز یہاں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اور 15 جنوری کو ہونے والے بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
پارٹی عہدیداروں نے بتایا کہ اس ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ پورے مہاراشٹر میں کانگریس کی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے اٹھائے جا رہے اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
راہل گاندھی ہفتہ کے روز مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں ایک مجسٹریٹ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے 2014 میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ایک کارکن کی جانب سے دائر ہتکِ عزت کے مقدمے میں نیا ضمانتی پیش کیا۔ انہوں نے پارٹی کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال کو اپنا نیا ضمانتی نامزد کیا۔گاندھی نے دہلی واپس روانہ ہونے سے قبل دوپہر کے وقت ایک مضافاتی ہوٹل میں یہ میٹنگ کی۔
میٹنگ میں موجود افراد میں سپکال کے علاوہ پارٹی کی ممبئی یونٹ کی صدر اور لوک سبھا رکن ورشا گائیکواڑ بھی شامل تھیں۔ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے بی ایم سی انتخابات میں کانگریس کی خراب کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ 227 اراکین پر مشتمل بی ایم سی میں کانگریس کو صرف 24 نشستیں حاصل ہوئیں، جس کے بعد یہ سوال اٹھنے لگے کہ مہا وکاس آغاڑی (ایم وی اے) کے اپنے اتحادیوں، شیو سینا (اُباٹھا) اور این سی پی (شرد پوار)، کے بغیر اکیلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ درست تھا یا نہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف نے ممبئی یونٹ کو نچلی سطح پر تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔
ذرائع کے مطابق،راہل گاندھی نے ممبئی اور مہاراشٹر میں پارٹی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارٹی تنظیم سے متعلق امور پر ہرش وردھن سپکال کے ساتھ علیحدہ میٹنگ بھی کی۔