ہندوستانی کمپنیاں جدت سے جیت سکتی ہیں: راہل گاندھی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 03-10-2025
ہندوستانی کمپنیاں جدت سے جیت سکتی ہیں: راہل گاندھی
ہندوستانی کمپنیاں جدت سے جیت سکتی ہیں: راہل گاندھی

 



بوگوٹا/ آواز دی وائس
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس رہنما راہل گاندھی، جو اس وقت کولمبیا کے دورے پر ہیں، انہوں نے ہندوستانی آٹوموبائل برانڈز بجاج، ہیرو اور ٹی وی ایس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کمپنیاں "کرونی ازم" کے بجائے "جدت" کے ذریعے کولمبیا میں کامیابی حاصل کر رہی ہیں۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا کہ فخر ہے کہ بجاج، ہیرو اور ٹی وی ایس کولمبیا میں اتنا اچھا کر رہے ہیں۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہندوستانی کمپنیاں جدت سے کامیابی حاصل کر سکتی ہیں، نہ کہ کرونی ازم سے۔ زبردست کام۔
تاہم ان کے بیان پر حکمراں جماعت بی جے پی کی سخت تنقید سامنے آئی ہے۔ کانگریس لیڈر نے اس سے پہلے کولمبیا کی ای آئی اے یونیورسٹی میں ایک تقریب کے دوران ہندوستانی طرزِ حکمرانی میں موجود "ساختی خامیوں" کو اجاگر کیا اور کہا کہ ملک کی متنوع روایات کو پنپنے کی آزادی ہونی چاہیے۔
راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کے پاس انجینئرنگ اور ہیلتھ کیئر جیسے شعبوں میں مضبوط صلاحیتیں ہیں، اس لیے میں ملک کے بارے میں بہت پُرامید ہوں۔ لیکن ساتھ ہی کچھ ساختی خامیاں بھی ہیں جنہیں ہندوستان کو درست کرنا ہوگا۔ سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ ہندوستان میں جمہوریت پر حملہ ہو رہا ہے۔
ان کے اس بیان کے بعد بی جے پی نے سخت اعتراض کیا اور اسے "اینٹی انڈیا" اور ملک کے لیے "توہین آمیز" قرار دیا۔ بی جے پی کے ایک رہنما نے کہا کہ راہل گاندھی کی فطرت ہی یہ ہے کہ وہ بیرونِ ملک ہندوستان کی شبیہ کو خراب کرتے ہیں۔
راجستھان کے مملکتی وزیر جواہر سنگھ بیڈھم نے بھی گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف کا یہ وطیرہ ہے کہ وہ باہر جا کر ہندوستان کی ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ سینئر بی جے پی رہنما روی شنکر پرساد نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی غیر ملکی سرزمین پر ہندوستان کی توہین کر رہے ہیں اور مرکز کے خلاف ان کے "جمہوریت پر حملے" والے بیان کا دفاع کیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روی شنکر پرساد نے کہا کہ راہل گاندھی کے ایسے بیانات دراصل ان کی "اقتدار کی خواہش" کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف وزیر اعظم نریندر مودی اور ہندوستان کی ترقی کو "برا بھلا" کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی بیرونِ ملک ہیں۔ بہتر ہوتا اگر وہ ہندوستان کے لیے نیک خواہشات ظاہر کرتے، لیکن وہ ملک پر حملہ کر رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ سب کچھ بے بنیاد ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ ہندوستان میں جمہوریت نہیں ہے۔ یہاں مکمل جمہوریت ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ راہل گاندھی کو صرف اقتدار چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بوگوٹا، کولمبیا میں لوک سبھا کے قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان میں جمہوریت نہیں ہے اور لوگوں کو بولنے کی آزادی نہیں۔ وہ مودی جی کو، ملک کی ترقی کو سب سے زیادہ کوستے ہیں۔
بی جے پی کے ایم پی نے یہ بھی کہا کہ اگر راہل گاندھی اپنے غیر ملکی دوروں کے دوران ہندوستان کی توہین کرتے رہے تو عوام انہیں ووٹ نہیں دیں گے۔ پرساد نے مزید کہا کہ گاندھی کی چین کے لیے محبت اس وقت ظاہر ہوئی تھی جب انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کبھی عالمی طاقت نہیں بن سکتا۔