نئی دہلی
مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے جمعرات کو راہل گاندھی پر سخت حملہ کرتے ہوئے انہیں “جھوٹا اور لُچّا” قرار دیا اور الزام لگایا کہ کانگریس رہنما ملک میں خانہ جنگی شروع کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی پارٹی مرکز میں اقتدار میں واپس آنے میں ناکام ہو رہی ہے۔ سنگھ نے راہل گاندھی پر یہ الزام بھی لگایا کہ وہ ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدے کے بارے میں جھوٹ بول کر ملک کے کسانوں میں کنفیوژن پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر نے کہا كہ میں راہل گاندھی سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس ملک میں آپ سے بڑا کوئی ‘جھوٹا’ اور ‘لُچّا’ نہیں ہے۔ آپ ملک کے کسانوں میں کنفیوژن پھیلانا چاہتے ہیں۔ آپ ملک میں خانہ جنگی کرانا چاہتے ہیں۔ آپ لوک سبھا میں جھوٹ بولتے ہیں، جو سچائی کا مندر ہے۔
سنگھ نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی ایسی سرگرمیوں میں اس لیے ملوث ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہ اقتدار میں آنے والے نہیں ہیں۔ بدھ کے روز لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ہندوستان-امریکہ عبوری تجارتی معاہدہ ایک “مکمل سرنڈر” ہے، جس کے تحت ملک کی توانائی سلامتی امریکہ کے حوالے کر دی گئی ہے اور کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
راہل گاندھی کے الزامات پر جوابی وار کرتے ہوئے گری راج سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے جو کام کیا ہے، ویسا آج تک کسی نے نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے 10 برسوں میں کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کو 70 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا كہ صرف یہی نہیں، حکومت نے کسانوں کے بینک کھاتوں میں 4 لاکھ کروڑ روپے کی مالی امداد بھی منتقل کی ہے۔
سنگھ نے طنز کرتے ہوئے کہا كہ اور راہل گاندھی، جو ایک ‘نقلی کسان’ ہیں، جنہیں جو اور گیہوں یا بچھیا اور بچھڑے کے فرق کا بھی علم نہیں، وہ کسانوں کے مفادات کی بات کرتے ہیں۔
وزیر نے راہل گاندھی کی “ہندوستان سے محبت” پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا كہ وہ خانہ جنگی بھڑکانے کے بعد اپنے ‘ننھیال’ بھاگ جائیں گے۔