نئی دہلی/ آواز دی وائس
اینجَل چکما کے قتل نے پورے ملک کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اینجل چکما کی موت پر کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دہرادون میں اینجل چکما اور اس کے بھائی مائیکل کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ نہایت افسوسناک اور نفرت سے بھرا واقعہ ہے۔ نفرت اچانک یا ایک رات میں نہیں پھیلتی، بلکہ طویل عرصے سے زہر کی طرح نوجوانوں کے ذہنوں میں بھری جاتی رہی ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ غلط معلومات اور ذمہ دار عہدوں پر بیٹھے افراد کے اشتعال انگیز بیانات نے سماج میں ایسی تشدد آمیز وارداتوں کو عام بنا دیا ہے۔ ہمارا ملک عزت، محبت اور اتحاد کے لیے جانا جاتا ہے، نہ کہ ڈرانے دھمکانے یا نفرت کے لیے۔ ہمیں ایسا سماج نہیں بننا چاہیے جو اپنے ہی لوگوں پر ہونے والے ظلم کو خاموشی سے دیکھتا رہے۔ ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ ہم اپنے ملک کو کس سمت میں لے جا رہے ہیں۔ راہل نے کہا کہ میں چکما خاندان، تریپورہ اور شمال مشرق کے تمام لوگوں کے ساتھ کھڑا ہوں۔ آپ ہمارے بھائی بہن ہیں اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔
تباہ کن سوچ روز کسی کی جان لے رہی ہے: اکھلیش یادو
وہیں سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے بھی اینجل چکما کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ دہرادون میں تریپورہ کے ایک طالب علم کا قتل نفرت پھیلانے والوں کی انتہائی قابلِ مذمت ذہنیت کا نتیجہ ہے۔ تباہ کن سوچ روز کسی نہ کسی کی جان لے رہی ہے اور سرکاری سرپرستی میں یہ عناصر پھل پھول رہے ہیں۔ ان منفی عناصر سے ملک اور ملک کی یکجہتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
اکھلیش یادو نے مزید کہا کہ آج ان پرتشدد حالات میں سب سے زیادہ ضروری بات یہ ہے کہ ہم تمام امن پسند اور ہم آہنگی پر یقین رکھنے والے لوگ متحد ہو کر ایسے سماج دشمن عناصر کو اپنے درمیان پہچانیں اور ان کا سماجی بائیکاٹ کریں، ورنہ کل ہم میں سے کوئی بھی ان کی تشدد کا شکار ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ عدالت خود نوٹس لے کر انصاف کو یقینی بنائے۔
زندگی اور موت کی جنگ ہار گیا اینجل
اینجل اسپتال میں 17 دن تک زندگی اور موت کی جنگ لڑتا رہا۔ 26 دسمبر کو اس کی موت ہو گئی۔ اینجل اور اس کے چھوٹے بھائی مائیکل کا منی پور کے رہائشی سورج کھواس (22) اور اس کے پانچ دوستوں کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا۔ اسی دوران ملزمان نے اینجل پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ 17 دن بعد وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔