نئی دہلی: آپ کے راجیہ سبھا ممبر راگھو چڈھا نے بی جے پی جوائن کرلیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کو ایک بڑے دھچکے کے طور پر، پارٹی کے تین اراکینِ پارلیمنٹ راگھو چڈھا، سندیپ پاٹھک اور اشوک متل نے جمعہ کے روز پارٹی میں بغاوت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ راجیہ سبھا میں پارٹی کے دو تہائی ارکان نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں ضم ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں راگھو چڈھا نے کہا: ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم، جو راجیہ سبھا میں AAP کے دو تہائی ارکان ہیں، آئین ہند کی دفعات کے تحت خود کو بی جے پی میں ضم کر لیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں سندیپ پاٹھک اور اشوک متل بھی موجود تھے۔ سوالات کے جواب میں چڈھا نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں AAP کے کل 10 اراکین ہیں، جن میں سے 7 نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا: “راجیہ سبھا میں AAP کے 10 اراکین ہیں، جن میں سے دو تہائی سے زیادہ ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے دستخط کر دیے ہیں اور آج صبح ہم نے دستخط شدہ خط اور دستاویزات چیئرمین راجیہ سبھا کو پیش کر دی ہیں… ان میں سے تین آپ کے سامنے موجود ہیں۔ ہمارے علاوہ ہربھجن سنگھ، راجندر گپتا، وکرم جیت سنگھ ساہنی اور سواتی مالیوال بھی ہمارے ساتھ ہیں۔
” چڈھا نے کہا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ عام آدمی پارٹی “اپنی بنیادی نظریہ سے دور ہو گئی ہے” اور اب ذاتی مفادات کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا: “AAP، جسے میں نے اپنے خون پسینے سے سینچا اور اپنی جوانی کے 15 سال دیے، اب اپنے اصولوں، اقدار اور بنیادی اخلاقیات سے ہٹ چکی ہے۔
اب یہ پارٹی ملک کے مفاد کے بجائے ذاتی فائدے کے لیے کام کر رہی ہے… گزشتہ چند برسوں سے مجھے محسوس ہو رہا تھا کہ میں غلط پارٹی میں صحیح آدمی ہوں۔ اس لیے آج ہم اعلان کرتے ہیں کہ میں AAP سے الگ ہو رہا ہوں اور عوام کے قریب جا رہا ہوں۔” یہ قدم اس وقت سامنے آیا جب کچھ دن قبل پارٹی نے چڈھا کو راجیہ سبھا میں نائب لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد پارٹی کے کئی رہنماؤں نے چڈھا پر تنقید کی اور ان پر بی جے پی کے تئیں نرم رویہ اپنانے کا الزام لگایا۔
چڈھا نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں “منصوبہ بند حملہ” قرار دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا: میرے خلاف ایک سوچی سمجھی مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایک ہی زبان، ایک ہی الفاظ، ایک ہی الزامات — یہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک منظم حملہ ہے۔ پہلے میں نے سوچا کہ جواب نہ دوں، لیکن پھر محسوس ہوا کہ اگر کسی جھوٹ کو بار بار دہرایا جائے تو لوگ اس پر یقین کر سکتے ہیں، اس لیے میں نے جواب دینے کا فیصلہ کیا۔