نئی دہلی
عام آدمی پارٹی میں اندرونی کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اب راگھو چڈھا نے ایک نیا ویڈیو جاری کرتے ہوئے پارٹی کے الزامات کا جواب دیا ہے۔ راگھو چڈھا نے کہا کہ کل سے میرے خلاف ایک اسکرپٹڈ مہم چلائی جا رہی ہے۔ ایک جیسی زبان، ایک جیسے الزامات یہ سب ایک سوچی سمجھی مہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے ان پر تین الزامات لگائے ہیں اور انہی الزامات کی وجہ سے انہیں پارلیمنٹ میں بولنے سے روکا گیا۔ویڈیو کے تھمب نیل پر راگھو چڈھا نے لکھا کہ زخمی ہوں، اس لیے خطرناک ہوں
پہلا الزام: اپوزیشن کے واک آؤٹ میں ساتھ نہ دینا
اس الزام پر ردعمل دیتے ہوئے راگھو چڈھا نے کہا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے کہ میں اپوزیشن کے واک آؤٹ کے دوران اپنی جگہ پر بیٹھا رہتا ہوں۔انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک بھی موقع بتائے جب اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا ہو اور انہوں نے ساتھ نہ دیا ہو۔ “پارلیمنٹ میں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے ہیں، فوٹیج نکال کر دکھا دیں کہ میں نے ساتھ نہیں دیا۔
دوسرا الزام: سی ای سی کو ہٹانے کی عرضی پر دستخط نہ کرنا
اس الزام کو بھی جھوٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کے کسی رہنما نے انہیں اس تجویز پر دستخط کرنے کے لیے نہیں کہا، نہ رسمی طور پر نہ غیر رسمی طور پر۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے راجیہ سبھا میں کل 10 اراکین ہیں، جن میں سے 6-7 اراکین نے خود بھی اس تجویز پر دستخط نہیں کیے۔ انہوں نے بتایا کہ راجیہ سبھا میں اس تجویز کو پیش کرنے کے لیے صرف 50 دستخط درکار ہوتے ہیں، جبکہ اپوزیشن کے پاس 105 اراکین موجود ہیں۔
تیسرا الزام: ڈر کی وجہ سے غیر ضروری مسائل اٹھانا
اس پر راگھو چڈھا نے کہا کہ میں راجیہ سبھا میں چیخنے چلانے، گالی گلوچ کرنے یا مائیک توڑنے نہیں گیا ہوں۔ میں وہاں عوام کے مسائل اٹھانے گیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے جی ایس ٹی سے لے کر انکم ٹیکس تک، پنجاب کے پانی سے لے کر دہلی کی ہوا تک کے مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے۔میں نے سرکاری اسکولوں کی حالت، عوامی صحت کے نظام، ریلوے کی مشکلات، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل پر بات کی۔ میں پارلیمنٹ میں اثر پیدا کرنے گیا ہوں، شور مچانے نہیں۔
آخر میں راگھو چڈھا نے کہا کہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں اور وہ ہر جھوٹ کو بے نقاب کریں گے۔ انہوں نے دہرایا میں زخمی ہوں، اس لیے خطرناک ہوں۔
کل بھی جاری کیا تھا ویڈیو
جمعہ کو بھی راگھو چڈھا نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں “خاموش ضرور کیا گیا ہے، لیکن وہ ہارے نہیں ہیں۔” ان کے اس بیان پر عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا تھا کہ وہ ملک کے اہم مسائل نہیں اٹھا رہے۔
تنظیمی تبدیلیاں
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی نے جمعرات کو تنظیمی سطح پر بڑی تبدیلی کی۔ راجیہ سبھا میں اپنے رکن راگھو چڈھا کو پارٹی کے نائب لیڈر کے عہدے سے ہٹا کر ڈاکٹر اشوک مِتّل کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی۔ اس سلسلے میں راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کو خط بھی بھیجا گیا۔
پارٹی نے راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کو یہ بھی مطلع کیا کہ رکن پارلیمنٹ راگھو چڈھا کو ایوان میں بولنے کا وقت نہ دیا جائے۔ اس کے علاوہ پارٹی نے ایک اور خط کے ذریعے اشوک متّل کو راجیہ سبھا میں پارٹی کا نائب لیڈر مقرر کرنے کی درخواست کی۔