مرکز نے راگھو چڈھا کو زیڈ + سیکورٹی دی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-04-2026
مرکز نے راگھو چڈھا کو زیڈ + سیکورٹی دی
مرکز نے راگھو چڈھا کو زیڈ + سیکورٹی دی

 



نئی دہلی
پنجاب کی بھگوت مان حکومت نے جیسے ہی راگھو چڈھا سے سکیورٹی واپس لی، تو مرکز نے انہیں زیڈ کیٹیگری کی سکیورٹی فراہم کر دی۔ حال ہی میں عام آدمی پارٹی نے راگھو چڈھا کو راجیہ سبھا میں نائب قائد کے عہدے سے بھی ہٹا دیا تھا۔ اس کے بعد چڈھا نے ایک ویڈیو جاری کر کے پارٹی پر تنقید کی، جس پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوت مان، دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ آتشی اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ان پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
راگھو چڈھا کو زیڈ کیٹیگری سکیورٹی دیے جانے پر عام آدمی پارٹی کے اندر سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ دہلی میں پارٹی کے کنوینر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ راگھو چڈھا کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دھمکی ملی اور انہوں نے اسی پارٹی کو دھوکہ دے دیا جس نے انہیں رکن پارلیمنٹ بنایا۔
سوربھ بھاردواج نے مزید کہا کہ ای ڈی راگھو چڈھا کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے اشوک متل کے پیچھے پڑی ہوئی ہے اور ان کے گھر اور دفتر پر چھاپے مار رہی ہے۔عام آدمی پارٹی کی ترجمان پریانکا ککڑ نے دعویٰ کیا کہ راگھو چڈھا بی جے پی کے رابطے میں تھے اور انہیں سکیورٹی ملنا کسی سودے بازی کا نتیجہ ہے۔
وقت پر اٹھتے سوالات
پنجاب حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا کہ اس نے راگھو چڈھا سے سکیورٹی کیوں واپس لی، لیکن اس فیصلے کے وقت کو لے کر سوالات ضرور اٹھ رہے ہیں۔اب سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ راگھو چڈھا کا اگلا قدم کیا ہوگا؟ گزشتہ چند دنوں میں بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے چڈھا کی حمایت کی ہے اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال پر تنقید کی ہے۔ ایسے میں یہ قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں کہ کیا راگھو چڈھا بی جے پی میں شامل ہوں گے؟
راگھو چڈھا نے ابھی تک اپنے اگلے سیاسی قدم کے بارے میں کوئی واضح اشارہ نہیں دیا، تاہم یہ بحث زوروں پر ہے کہ وہ اپنی نئی سیاسی جماعت بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر انہیں یہ مشورے بھی دیے گئے ہیں کہ وہ “جین زیڈ” پارٹی شروع کریں۔
یہ بات بھی واضح ہے کہ راگھو چڈھا اور عام آدمی پارٹی کے درمیان فاصلے کافی بڑھ چکے ہیں، اور اسی وجہ سے ان کے اگلے سیاسی قدم کو لے کر قیاس آرائیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔