گاؤں اور شہروں میں ریڈیو ایک قابل اعتماد آواز ہے:مودی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 13-02-2026
گاؤں اور شہروں میں ریڈیو ایک قابل اعتماد آواز ہے:مودی
گاؤں اور شہروں میں ریڈیو ایک قابل اعتماد آواز ہے:مودی

 



نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ ریڈیو ایک ایسا ذریعہ ہے جو دور دراز دیہات سے لے کر شہروں تک لوگوں کے لیے ایک قابلِ اعتماد آواز رہا ہے، اور اس نے بروقت معلومات پہنچانے، صلاحیتوں کو نکھارنے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہر سال 13 فروری کو منایا جانے والا عالمی یومِ ریڈیو، اس ذریعہ ابلاغ سے وابستہ تمام افراد کی کوششوں کو سراہنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا كہ عالمی یومِ ریڈیو ایک ایسے ذریعہ کا جشن منانے کا موقع ہے جو دور دراز دیہات سے لے کر شہروں تک لوگوں کے لیے ایک معتبر آواز رہا ہے۔ برسوں سے ریڈیو بروقت معلومات فراہم کرتا آ رہا ہے، صلاحیتوں کو نکھارتا رہا ہے اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ کے ذریعے انہوں نے خود ریڈیو کی اس صلاحیت کا تجربہ کیا ہے جس کے ذریعے ملک کے عوام کی اجتماعی قوت کو اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا كہ اس ماہ کا یہ پروگرام اتوار، 22 فروری کو نشر کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے چند ہی مہینوں بعد، اکتوبر 2024 میں ’من کی بات‘ ریڈیو پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا۔
یہ پروگرام وزیر اعظم کے لیے حکمرانی، سماجی مسائل پر اپنے خیالات اور متاثر کن کہانیاں عوام کے ساتھ براہِ راست شیئر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ رہا ہے۔ یہ پروگرام ہر ماہ کے آخری اتوار کو صبح 11 بجے نشر ہوتا ہے۔
چاہے صفائی ہو، سماجی خدمت، پانی کے تحفظ، کھیل یا خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوعات ہوں، شہری اپنے خیالات اور تجاویز وزیر اعظم کے ریڈیو پروگرام کے لیے آن لائن بھیج سکتے ہیں۔
یونیسکو نے 2011 میں اعلان کیا تھا کہ 1946 میں اقوام متحدہ کے ریڈیو کے قیام کی یاد میں 13 فروری کو عالمی یومِ ریڈیو کے طور پر منایا جائے گا۔