پنجاب حکومت سینٹرل جیلوں میں عام آدمی کلینک شروع کرے گی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 28-10-2025
پنجاب حکومت سینٹرل جیلوں میں عام آدمی کلینک شروع کرے گی
پنجاب حکومت سینٹرل جیلوں میں عام آدمی کلینک شروع کرے گی

 



چنڈی گڑھ/ آواز دی وائس
پنجاب کے وزیرِ صحت و خاندانی بہبود بلبیر سنگھ نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ریاستی حکومت قیدیوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی جیلوں میں عام آدمی کلینک قائم کرے گی۔ یہ اقدام ایک صحت مند پنجاب کی تعمیر کی سمت ایک اہم قدم ہوگا۔
بلبیر سنگھ نے ایکس پر لکھا کہ ایک صحت مند پنجاب کی تعمیر کے لیے، حکومت ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کر رہی ہے جس کے تحت مرکزی جیلوں کے اندر عام آدمی کلینک قائم کیے جائیں گے، تاکہ قیدیوں کو جامع صحت کی سہولت اور ذہنی سکون فراہم کیا جا سکے۔ وزیر نے مزید کہا کہ ماہر نفسیات (سائیکالوجِسٹ) اور ماہرینِ امراضِ ذہن (سائیکیٹریسٹ) کو بھی جیلوں میں تعینات کیا جائے گا تاکہ قیدیوں کی ذہنی صحت کو سہارا دیا جا سکے، کیونکہ حکومت کا ماننا ہے کہ حقیقی انصاف انسان کی اصلاح میں ہے۔
بلبیر سنگھ نے کہا کہ ہم جیلوں کو ‘سدھار گھر’ یعنی اصلاحی مراکز کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ہمارا یقین ہے کہ انصاف کا اصل مقصد افراد کی اصلاح ہے۔ اس لیے ماہرِ نفسیات اور ماہرِ امراضِ ذہن کو قیدیوں کی ذہنی صحت کی دیکھ بھال کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عام آدمی کلینک اب تک پنجاب بھر میں 4.20 کروڑ سے زائد مریضوں کا علاج کر چکے ہیں۔
بلبیر سنگھ کے مطابق، پنجاب بھر میں 881 عام آدمی کلینک فعال ہیں، جنہوں نے 15 اگست 2022 سے اب تک 4.20 کروڑ مریضوں کا علاج کیا ہے اور 2.29 کروڑ مفت تشخیصی ٹیسٹ کیے ہیں۔ پیر کے روز وزیر نے اعلان کیا تھا کہ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) حکومت پنجاب میں ایک پائلٹ پروجیکٹ شروع کرے گی جس کے تحت مرکزی جیلوں میں قیدیوں کے لیے کلینک قائم کیے جائیں گے، جہاں جسمانی علاج کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
ستمبر میں بلبیر سنگھ نے ریاست کی کیش لیس ہیلتھ انشورنس اسکیم کے نفاذ کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ہر شہری کو 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج فراہم کیا جائے گا۔ اس کے لیے ہر خاندان کے تمام افراد کے الگ انشورنس کارڈز جاری کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک کا کیش لیس ہیلتھ انشورنس ملے گا۔ ہر رکن کے لیے الگ کارڈ بنایا جائے گا۔ اس اسکیم کے لیے کسی آمدنی یا دوسری اہلیت کی شرط نہیں ہے۔ صرف پنجاب کا آدھار کارڈ اور ووٹر آئی ڈی کارڈ ہونا ضروری ہے۔ وزیر نے مزید وضاحت کی کہ اس اسکیم کے تحت عوام بغیر کسی مالی دباؤ یا قرض کے بہترین اسپتالوں میں علاج حاصل کر سکیں گے۔ اس میں تمام جان بچانے والے علاج شامل ہوں گے، سوائے کاسمیٹک سرجری کے۔