پونے: پونے دیہی پولیس نے تاریخی سنگھ گڑھ قلعے کے داخلی دروازے پر "مسلمانوں کا داخلہ ممنوع" لکھا ہوا مبینہ اشتعال انگیز پوسٹر ملنے کے بعد نامعلوم شخص کے خلاف ناقابل گرفت جرم کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔
پولیس کے مطابق یہ پوسٹر بدھ کی علی الصبح قلعے کے مرکزی دروازے کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کے نزدیک ایک پرانے لوہے کے بورڈ پر چسپاں پایا گیا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام نے اسے فوری طور پر ہٹا دیا۔
مراٹھی زبان میں تحریر اس پوسٹر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ قلعہ "ہندوؤں کا ہے" اور "مسلمانوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہے۔" پوسٹر پر "حکم کے مطابق" کے الفاظ بھی درج تھے تاکہ اسے سرکاری ہدایت کا تاثر دیا جا سکے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی سرکاری محکمے نے اس نوعیت کا کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔
پولیس نے نامعلوم شخص کے خلاف ناقابل گرفت جرم کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ پوسٹر لگانے والے افراد کی شناخت کی جا سکے۔
دریں اثنا مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستے نے منگل کے روز پونے ضلع کے 66 افراد سے پوچھ گچھ شروع کی جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی سے رابطے میں تھے۔
یہ کارروائی پونے سٹی پولیس کمشنریٹ۔ پونے دیہی پولیس اور پمپری چنچوڑ پولیس کمشنریٹ کے تعاون سے مختلف مقامات پر کی جا رہی ہے۔
انسداد دہشت گردی دستے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پوچھ گچھ کا آغاز صبح 7 بجے کیا گیا۔ ایجنسی کے مطابق شبہ ہے کہ شہزاد بھٹی سماجی رابطوں کی مختلف ویب گاہوں کے ذریعے نوجوانوں کو ملک مخالف سرگرمیوں کے لیے متاثر کرنے اور اکسانے کی کوشش کر رہا تھا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستے نے 10 جولائی کو ریاست بھر میں ایک مہم شروع کی تھی جس کے دوران ایسے 102 افراد سے پوچھ گچھ کا آغاز کیا گیا تھا جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب گاہوں کے ذریعے شہزاد بھٹی سے رابطے میں تھے۔ اس کارروائی میں ریاست کے 14 علاقائی یونٹوں میں تعینات 58 ٹیموں نے حصہ لیا۔
ایجنسی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ شہزاد بھٹی اور اس کے ساتھی مبینہ طور پر فیس بک۔ انسٹاگرام۔ ٹیلی گرام اور واٹس ایپ پر متعدد یا فرضی کھاتوں کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں سے رابطہ قائم کرتے تھے۔
انسداد دہشت گردی دستے کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک نے مذہبی اور سماجی طور پر حساس معاملات کو استعمال کرکے نوجوانوں میں ناراضی پیدا کرنے اور انہیں انتہاپسندی کی طرف مائل کرنے کی کوشش کی۔ ایجنسی کے مطابق بے روزگار اور معاشی طور پر کمزور نوجوانوں کو مالی لالچ دے کر مبینہ طور پر ملک مخالف اور سماج دشمن سرگرمیوں میں شامل کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔
تحقیقاتی ایجنسی کو شبہ ہے کہ یہ نیٹ ورک خفیہ معلومات جمع کرنے۔ منشیات کی اسمگلنگ۔ غیر قانونی اسلحہ کی ترسیل اور قومی سلامتی کے خلاف سرگرمیوں کے لیے سلیپر سیل یا مقامی نیٹ ورک قائم کرنے میں بھی ملوث ہو سکتا ہے۔
مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستے نے شہریوں خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب گاہوں پر نامعلوم یا مشتبہ افراد سے رابطہ نہ رکھیں۔ ایجنسی نے والدین سے بھی کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ اس نے خبردار کیا کہ قومی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔