پونے
ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے کی پولیس نے تین امریکی شہریوں کو “ہندوستان چھوڑو نوٹس” جاری کرتے ہوئے 10 مئی 2026 تک ملک چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ کارروائی ان پر ویزا قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں کی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق 53، 65 اور 66 سال عمر کے یہ تینوں افراد 19 سے 21 اپریل کے درمیان سیاحتی ویزا پر ہندوستان آئے تھے۔تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ انہوں نے اپنے ویزا کی شرائط کے برخلاف مذہبی مواد تقسیم کیا اور مقامی لوگوں سے بات چیت کر کے عیسائیت کی تبلیغ کی۔ یہ معاملہ 27 اپریل کو پونے کے شُکر وار پیٹھ علاقے میں سامنے آیا، جب ان تینوں نے ایک نجی کیب ڈرائیور کو انگریزی، ہندی اور مراٹھی زبانوں میں چھپے ہوئے پمفلٹس دیے اور اسے اپنے مذہبی نظریات سے متاثر کرنے کی کوشش کی۔
کیب ڈرائیور نے فوراً قریبی پولیس اہلکاروں کو اس کی اطلاع دی، جس کے بعد تینوں غیر ملکی شہریوں کو مقامی تھانے لے جایا گیا جہاں ان کے سفری دستاویزات کی جانچ کی گئی۔ تلاشی کے دوران ان کے پاس سے بڑی مقدار میں مذہبی پیغامات پر مبنی چھپا ہوا مواد برآمد ہوا۔
پونے پولیس کے فارنرز رجسٹریشن آفس کی مزید تفتیش میں یہ ثابت ہوا کہ انہوں نے سیاحتی ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کی ہے۔ اسی بنیاد پر حکام نے امیگریشن اور فارنرز ایکٹ کے تحت “لیو انڈیا نوٹس” جاری کرتے ہوئے انہیں مقررہ مدت یعنی 10 مئی 2026 تک ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔