نئی دہلی: ریلوے کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کو پونے-ممبئی گھاٹ سیکشن میں بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ 7 جولائی کو شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈ ہونے سے ریلوے لائن بند ہو گئی تھی، تاہم ایک لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔
اشونی ویشنو نے پی ٹی آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "آج میں نے پونے-ممبئی گھاٹ سیکشن میں ریلوے بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ لینڈ سلائیڈ انتہائی شدید نوعیت کی تھی، جس سے ریلوے لائن اور آس پاس کے علاقوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے کی ٹیمیں باہمی تال میل کے ساتھ بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔"
ریلوے حکام کے مطابق سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے نے مشترکہ کوششوں سے اس سیکشن کی ایک لائن بحال کر دی، جسے منگل کی رات تقریباً 11:30 بجے دوبارہ آپریشنل بنا دیا گیا۔ وزیر ریلوے نے بحال شدہ واحد لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ عارضی انتظام کے طور پر گھاٹ سیکشن کی کھڑی چڑھائیوں پر اضافی طاقت فراہم کرنے کے لیے ہر ٹرین کے دونوں سروں پر دو انجن لگائے جا رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ سلپ لائن اب بھی لینڈ سلائیڈ کے باعث بند ہے اور اسے جلد از جلد صاف کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اشونی ویشنو نے کہا، "کچھ مقامات تک تعمیراتی سامان پہنچانا اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کے لیے ہماری ٹیمیں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔"