عوامی جذبات اے آئی اے ڈی ایم کے کے اقتدار میں واپس آنے کے حق میں ہیں: ایم پی تھمبی دورائی
چنئی
اے آئی اے ڈی ایم کے کے رکنِ پارلیمنٹ ایم تھمبی دورائی نے جمعہ کو کہا کہ تمل ناڈو میں عوامی رائے اے آئی اے ڈی ایم کے کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے حق میں ہے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ “خدا کے فضل” سے ان کی پارٹی ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔
اپنی دیرینہ حریف جماعت ایم کے اسٹالن کی دراوڑ منیترا کڑگم (ڈی ایم کے) کے ساتھ انتخاب کے بعد ممکنہ اتحاد سے متعلق قیاس آرائیوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف اتنا کہیں گے کہ عوام کی خواہش اے آئی اے ڈی ایم کے کو دوبارہ اقتدار میں دیکھنے کی ہے۔
تھمبی دورائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہی عوامی جذبہ ہے... لوگ چاہتے ہیں کہ اے آئی اے ڈی ایم کے اقتدار میں آئے۔ جب بھی میرے لیڈر ایڈاپاڈی کے پالن سوامی عوام کے درمیان گئے، لوگوں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا... خدا کے فضل سے وقت آنے پر ایسا ہو سکتا ہے۔
سینئر رہنما نے اشارہ دیا کہ وقت کے ساتھ صورتحال واضح ہو جائے گی اور انہیں امید ہے کہ اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری پارٹی اور میرے لیڈر دوبارہ اقتدار میں آئیں گے۔ریاست میں 23 اپریل کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں تیسرے نمبر پر رہنے والی اے آئی اے ڈی ایم کے کو 234 رکنی اسمبلی میں صرف 47 نشستیں ملیں، جبکہ تملگا ویٹری کڑگم (ٹی وی کے) کے رہنما وجے کی پارٹی نے 108 نشستیں حاصل کیں۔ ڈی ایم کے کو 59 نشستیں ملیں۔ کوئی بھی سیاسی جماعت اپنے بل بوتے پر حکومت بنانے کے لیے درکار سادہ اکثریت حاصل نہیں کر سکی۔
معطل اسمبلی کی صورتحال کے درمیان اتحاد سے متعلق قیاس آرائیوں کو مزید تقویت دیتے ہوئے اور اپنے نومنتخب اراکینِ اسمبلی کو متحد رکھنے کے مقصد سے اے آئی اے ڈی ایم کے قیادت نے انہیں پڑوسی مرکز کے زیر انتظام خطے پڈوچیری کے ایک ریزورٹ میں ٹھہرایا ہے۔