ایران اسرائیل جنگ : کشمیر میں مظاہرے ، پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-03-2026
ایران اسرائیل جنگ : کشمیر میں مظاہرے ، پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے
ایران اسرائیل جنگ : کشمیر میں مظاہرے ، پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے

 



سرینگر
امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف جموں و کشمیر کے بعض علاقوں میں مسلسل دوسرے دن بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اس سلسلے میں بند کی اپیل بھی کی گئی تھی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تمام بڑے شہروں میں بڑی تعداد میں پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار تعینات کیے گئے۔
مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے کشمیر کے کچھ علاقوں میں پولیس نے ہلکا طاقت کا استعمال کیا۔ اس دوران آنسو گیس کے گولے بھی داغے گئے۔کشمیر وادی میں جہاں اتوار کو سری نگر کے لال چوک سمیت کئی مقامات پر بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا، وہیں پیر کو بیمنہ، گنڈ حسی بٹ اور جہانگیر چوک کے علاقوں کے ساتھ ساتھ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھی خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔
خامنہ ای کی ہلاکت کے خلاف اتوار کو سورنکوٹ، جموں اور رام بن میں بھی لوگوں نے جلوس نکالے اور احتجاج کیا۔ سیکورٹی فورسز اس بات کو لے کر چوکنا ہیں کہ یہ مظاہرے کہیں پرتشدد نہ ہو جائیں اور وادی میں قانون و امن کی صورتحال متاثر نہ ہو۔
شیعہ اکثریتی علاقوں میں پابندیاں نافذ
حکام نے ان علاقوں میں لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کر دی ہیں جہاں خامنہ ای کی موت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج ہوئے تھے۔ لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر کو چاروں طرف سے بند کر دیا گیا ہے۔
وادی کے دیگر اضلاع کے شیعہ اکثریتی علاقوں میں بھی پابندیاں نافذ کی گئی ہیں۔ یہ پابندیاں متحدہ مجلسِ علماء (ایم ایم یو) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے ایک روزہ بند کی اپیل کے پیش نظر لگائی گئی ہیں۔ حکومت کی طرف سے طلبہ کی حفاظت اور قانون و امن برقرار رکھنے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر نجی اسکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں کو دو دن کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی یکجہتی کی اپیل
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو تمام برادریوں سے پُرامن اور متحد رہنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ حکومت مغربی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
چیف سیکریٹری اتل ڈلو، ڈی جی پی نلین پربھات اور تمام ڈپٹی کمشنرز و ایس ایس پیز سمیت دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں ایک اجلاس کے دوران جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن برقرار رکھنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اور تمام برادریوں سے اس پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت وزارتِ خارجہ کے ساتھ مل کر ایران میں موجود جموں و کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔