نئی دہلی
امتحانات میں مبینہ بے ضابطگیوں، نیٹ پرچہ لیک ہونے کے معاملے اور مرکزی وزیرِ تعلیم کے استعفے کے مطالبے کو لے کر کاکروچ جنتا پارٹی (کاجپا) کے کارکن پیر کے روز مسلسل تیسرے دن بھی جنتر منتر پر اپنا دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ احتجاجی دھرنا ہفتہ کی دوپہر شروع ہوا تھا اور پوری رات جاری رہا۔ مظاہرین پولیس کی موجودگی کے باوجود احتجاجی مقام پر ڈٹے رہے۔رات کے وقت بعض افراد مظاہرین کے لیے کھانا اور پینے کا پانی فراہم کرتے بھی دیکھے گئے۔
اتوار کو احتجاجی مقام پر نعرے بازی، تقاریر اور ثقافتی پروگراموں کا ماحول دیکھنے میں آیا، جہاں حامی تالیاں بجاتے، ڈفلیاں بجاتے اور حب الوطنی کے گیت گاتے نظر آئے۔
منتظمین کے مطابق شام تک احتجاجی مقام پر 200 سے زائد افراد جمع ہو چکے تھے۔اس دوران کاجپا کے بانی ابھجیت دیپکے نے مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا اور امتحانی تنازعے کے معاملے میں جوابدہی کے فقدان کا الزام عائد کیا۔
انہوں نے ان طلبہ کے خاندانوں کو معاوضہ دینے کا مطالبہ بھی کیا جنہوں نے مبینہ طور پر پرچہ لیک ہونے اور امتحانات منسوخ کیے جانے کے بعد خودکشی کر لی تھی۔