نوئیڈا میں خواتین گگ ورکرز کا احتجاج

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 15-04-2026
نوئیڈا میں خواتین گگ ورکرز کا احتجاج
نوئیڈا میں خواتین گگ ورکرز کا احتجاج

 



نئی دہلی
گزشتہ چند دنوں کے دوران نوئیڈا میں مزدوری کے معاملے پر مزدوروں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ اسی تناظر میں گِگ اکانومی میں کام کرنے والی خواتین کے ایک چھوٹے گروہ نے بدھ کی صبح ایک مختلف مطالبے کے ساتھ جمع ہو کر اپنی آواز بلند کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں زیادہ تنخواہ نہیں بلکہ مقررہ کام کے اوقات اور کام کی جگہ پر بنیادی سہولیات درکار ہیں۔
گھر بیٹھے خدمات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم  اربن کمپنی  کے ساتھ کام کرنے والی تقریباً چالیس خواتین سیکٹر 60 میں ایک ٹریننگ سینٹر کے باہر جمع ہوئیں اور آٹھ گھنٹے کے کام کے دن، ہفتہ وار چھٹی اور پینے کے پانی اور بیت الخلا جیسی ضروری سہولیات تک رسائی کا مطالبہ کیا۔25 سالہ نہا دیوی، جو پچھلے پانچ مہینوں سے اس کمپنی کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور تقریباً 25,000 روپے ماہانہ کماتی ہیں، نے کہا کہ ہم ان سے تنخواہ بڑھانے کا مطالبہ نہیں کر رہے، ہم صرف مقررہ کام کے اوقات اور بنیادی سہولیات چاہتے ہیں۔دیوی نے بتایا کہ سرکاری قوانین کے مطابق آٹھ گھنٹے کا کام لازمی ہے، لیکن انہیں اور ان کی ساتھیوں کو اکثر 11 گھنٹے تک کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتے کے آخر میں غیر حاضری کی صورت میں بھاری کٹوتی کی جاتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر میری یومیہ مزدوری 833 روپے ہے تو 1000 روپے کیوں کاٹے جاتے ہیں؟
خواتین نے ایک ایسے نظام کی نشاندہی کی جس میں گاہکوں کی ریٹنگ اور وقت کی پابندی کے سخت اصولوں کی بنیاد پر ان کی آمدنی میں بڑا اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے۔ ان کے مطابق ایک منٹ کی تاخیر پر بھی جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔مظاہرہ کرنے والی خواتین نے بتایا کہ سپروائزر اکثر رابطے میں نہیں ہوتے اور بعض اوقات اکاؤنٹ بند کرنے کی دھمکیاں بھی دیتے ہیں۔ ان کے کام کی نوعیت کے باعث انہیں بنیادی سہولیات تک بھی رسائی نہیں ملتی۔ دیوی نے کہا کہ ہمیں گاہکوں کے بیت الخلا استعمال کرنے کو کہا جاتا ہے، لیکن کئی بار ہمیں وہاں جانے کی اجازت بھی نہیں دی جاتی۔ 27 سالہ سوناکشی تھاپا، جو آٹھ مہینوں سے اس پلیٹ فارم پر کام کر رہی ہیں، نے بتایا کہ مسئلہ صرف تنخواہ میں کٹوتی تک محدود نہیں ہے۔ ان کے مطابق ملازمین کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے صرف 15 منٹ دیے جاتے ہیں، جو حقیقت سے بہت دور ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیدل جانے میں کم از کم 20 منٹ لگتے ہیں۔تھاپا نے خواتین کارکنوں کو درپیش خاص مسائل کی طرف بھی توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سینیٹری پیڈ تبدیل کرنے پڑتے ہیں، ہر عورت کو اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے، لیکن ہم یہ کام گاہکوں کے گھروں میں نہیں کر سکتے۔ ہمیں مناسب سہولیات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ریٹنگ اور حاضری سے متعلق کٹوتیوں کے بعد حالیہ مہینوں میں ان کی ماہانہ آمدنی کم ہو کر تقریباً 18,000 روپے رہ گئی ہے۔ایک اور ملازمہ پنکی کماری نے بتایا کہ انہوں نے اپنے سپروائزر کو بار بار پیغامات بھیجے تاکہ اس کینسلیشن کو ختم کیا جا سکے جو انہوں نے کیا ہی نہیں تھا، لیکن انہیں کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ  ہمیں ٹریننگ کے دوران بتایا گیا تھا کہ اگر ہم خود کینسل نہیں کریں گے تو ہماری تنخواہ نہیں کٹے گی، لیکن ہماری کوئی نہیں سنتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں ملازمین کی جانب سے گاہکوں کے خلاف شکایات پر شاذ و نادر ہی کوئی کارروائی ہوتی ہے، وہیں گاہکوں کی معمولی شکایت پر بھی ملازم کا اکاؤنٹ فوراً معطل کیا جا سکتا ہے۔صبح ہوتے ہوتے احتجاج ختم ہو گیا اور پولیس اہلکاروں نے خواتین کو بسوں میں بٹھا کر وہاں سے ہٹا دیا۔ موقع پر موجود ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ اجتماع مزدوروں کے درمیان پھیلنے والے ایک گمراہ کن پیغام کے باعث ہوا تھا اور اسے حالیہ دنوں میں ہونے والے بڑے احتجاجات کا حصہ قرار دیا۔