ہر گاؤں میں خوشحال بھارت نظر آنا چاہئے: جماعت اسلامی ہند

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
جماعت اسلامی ہند اور آیئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ کی جانب  سے ضرورتمندوں کے لئے مکانات بنائے گئے
جماعت اسلامی ہند اور آیئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ کی جانب سے ضرورتمندوں کے لئے مکانات بنائے گئے

 

 

 نئی دہلی

جماعت اسلامی ہند لوگوں کو دکھانے کے لئے نہیں بلکہ اللہ کو خوش کرنے کے لئے سیلابسے متاثرین کے لئے گھر بناتی ہے اور بلا لحاظ مذہب و ملت متاثرین کی خدمت کرتی ہے“ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند اور آیئیڈیل ریلیف کمیٹی ٹرسٹ کی جانب سے ضرورتمندوں کے لئے بنائے گئے مکانات کی چابیاں سونپے جانے کے موقع پر وزیر صحت و طبی تعلیم راجیندر پاٹل نے کہی۔

یہ گھر ان 34 خاندانوں کو دیئے گئے ہیں جو 2019 میں کولہا پور میں تباہ کن سیلاب کی وجہ سے بے گھر ہوگئے تھے۔یہ گھر بنیادی ضروریات اور گھریلو اشیاء کے ساتھ سونپے گئے ہیں۔اسی کے ساتھ مذکورہ گاؤں کے اردو اور مراٹھی اسکولوں کی مرمت اور اسے قابل استعمال بنانے کا کام بھی جماعت نے مذکورہ ٹرسٹ کے تعاون سے انجام دینے کے عزم کا اظہار کیاہے۔نیز جماعت نے کنواڑ کو مثالی گاؤں بنانے کا بھی عزم کیا ہے۔

اس سادہ مگر پُر وقار تقریب کی صدارت حلقہ مہاراشٹر کے امیر رضوان الرحمن خان نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ”تمام انسان ایک ماں باپ کی اولاد ہیں، ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنا چاہئے، اسی سے آپس میں پھیلی ہوئی نفرتیں دور ہوں گی۔ ہم نے اسی مقصد سے اپنے بھائیوں کیلئے گھروں کی تعمیرکی ہے“۔

اس موقع پر گاؤں کے رہائیشیوں کے علاوہ وہاں کی اہم شخصیات سمیت مہمان خصوصی کے طورپر ایس ڈی پی اوجے سنگھ نگر رامیشور وینجنے، جماعت اسلامی ہند مہاراشٹر کے سکریٹری ظفر انصاری، ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن نئی دہلی کے معاون جنرل سکریٹری معظم نائک، شیرول کیتحصیلدار ایرنا مورے دھومل، شیرول تعلقہ کے بی ڈی او شنکر کویتا کے، ایس آئی او جنوبی مہاراشٹر کے صدر سلمان خاں، مہاراشٹر جماعت اسلامی کے شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری مظہر فاروق، ناظم ضلع کولہا پور ندیم صدیقی، کولہا پور کے امیر مقامی انور پٹھان، ڈاکٹر بابا سوونیال ارسن گونڈ اکے سرپنچ شامل تھے۔

مجمع کو خطاب کرتے ہوئے مظہر فاروق نے کہا کہ ”ہر شخص ایک دوسرے کی مدد کے لئے آگے بڑھے اور دوسرے کے دکھ درد کو اپنا درد سمجھے اور اتحاد و یکجہتی کی مثال پیش کرے تو ہمیں خوشحال بھارت اس گاؤں میں نظر آئے گا“۔