تمل ناڈو میں 246 کروڑ روپے کے 46 پروجیکٹ منسوخ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-06-2026
تمل ناڈو میں 246 کروڑ روپے کے 46 پروجیکٹ منسوخ
تمل ناڈو میں 246 کروڑ روپے کے 46 پروجیکٹ منسوخ

 



نئی دہلی
تمل ناڈو میں برسراقتدار تملگا ویتری کزگم (ٹی وی کے) حکومت نے مندروں کے فنڈز سے مکمل کی جانے والی سابق دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے) حکومت کی 246 کروڑ روپے مالیت کی منصوبہ بندیوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ایک سرکاری افسر نے ہفتہ کے روز کہا کہ اس فیصلے سے تمل ناڈو ہندو مذہبی و خیراتی اوقاف محکمہ کے زیرِ انتظام مندروں کو مالی بحران سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق اب تک قدیم اور بڑے مندروں کی آمدنی کو پسماندہ طبقات کے افراد کی شادیوں، شادی ہالوں اور بڑے تجارتی مراکز کی تعمیر جیسی سرکاری فلاحی اسکیموں پر خرچ کیا جاتا تھا، جبکہ دوسری جانب مندر اپنی لیز پر دی گئی زمینوں اور دکانوں کو واپس حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔
ہندو منّانی سمیت مختلف ہندو تنظیمیں طویل عرصے سے مندروں کے فنڈز کو تجارتی مقاصد اور سرکاری فلاحی منصوبوں کے لیے استعمال کیے جانے کی مخالفت کرتی رہی ہیں۔ٹی وی کے کی قیادت والی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہندو مذہبی و خیراتی اوقاف محکمہ نے 19 جون کو سابق ڈی ایم کے حکومت کی جانب سے 29 شادی ہالوں اور 17 تجارتی کمپلیکسوں کی تعمیر کے لیے دی گئی انتظامی منظوری واپس لے لی۔246 کروڑ روپے مالیت کے ان 46 منصوبوں کا اعلان تو کیا گیا تھا، تاہم ان پر عملی کام شروع نہیں ہوا تھا۔
ایک افسر نے بتایا کہ اب یہ رقم مندروں اور عقیدت مندوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کی جائے گی۔