پرینکا گاندھی نے کیرالہ کی مفت بس سروس کی ستائش کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 16-06-2026
پرینکا گاندھی نے کیرالہ کی مفت بس سروس کی ستائش کی
پرینکا گاندھی نے کیرالہ کی مفت بس سروس کی ستائش کی

 



نئی دہلی
کانگریس کی رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی واڈرا نے خواتین کے لیے کیرالا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی مفت بس سفر اسکیم "پریہ درشنی" کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کی قیادت والی یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) حکومت نے "اندرا گارنٹی" کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ صرف مفت بس پاس نہیں بلکہ خواتین کے لیے آزادی، خود اعتمادی اور نئے مواقع تک رسائی کا ذریعہ ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں پریانکا گاندھی نے کہا کہ "پریہ درشنی" اسکیم خواتین کو محفوظ اور مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ بھی دے گی۔
انہوں نے لکھا کہ کے ایس آر ٹی سی کی خواتین کے لیے مفت بس سفر سروس 'پریہ درشنی' کے ذریعے کانگریس کی قیادت والی یو ڈی ایف حکومت نے اندرا گارنٹی کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے۔ یہ صرف ایک بس پاس نہیں بلکہ سفر کی آزادی، مواقع تک پہنچنے کے اعتماد اور پورے کیرالا کی خواتین کے لیے زیادہ خودمختاری کی علامت ہے۔ میں اس وعدے کو پورا کرنے اور بے شمار خواتین کو بڑے خواب دیکھنے کے قابل بنانے پر یو ڈی ایف حکومت کو مبارک باد دیتی ہوں۔
دریں اثنا، کیرالا کے سابق وزیرِ ٹرانسپور   گنیش کمار نے بھی اس منصوبے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل عوام سے کیا گیا وعدہ اب پورا کیا جا رہا ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔گنیش کمار نے تجویز دی کہ اس سہولت کا دائرہ مزید وسیع ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق یہ اسکیم صرف خواتین تک محدود نہ رہے بلکہ بچوں، خصوصاً کم عمر لڑکوں کو بھی اس میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو خواتین مسافروں کی حفاظت کے لیے کسی قسم کی انشورنس اسکیم پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے انتخابات سے پہلے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، اب اسے نافذ کر رہی ہے۔ یہ ایک بہت اچھا اقدام ہے۔ میری رائے میں اس کا فائدہ تمام خواتین اور بچوں، جن میں کم عمر لڑکے بھی شامل ہوں، کو ملنا چاہیے۔ اس کے ساتھ خواتین کے لیے انشورنس جیسی سہولت بھی ہونی چاہیے۔ریاستی حکومت کی یہ اہم فلاحی اسکیم 15 جون سے نافذ ہو چکی ہے۔ اس کے تحت کے ایس آر ٹی سی کی عام بس سروسز میں خواتین اور خواجہ سرا افراد کو پورے کیرالا میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سماجی شمولیت کو مضبوط بنانا اور خواتین و خواجہ سرا برادری کے معاشی استحکام کو فروغ دینا ہے۔ سفر کے اخراجات میں کمی سے بڑی تعداد میں روزانہ سفر کرنے والے افراد کو فائدہ ہوگا اور انہیں تعلیم، روزگار اور دیگر مواقع تک زیادہ آسانی سے رسائی حاصل ہوگی۔
ماہرین کے مطابق اس طرح کی اسکیمیں خواتین کی معاشی شراکت میں اضافے، ان کی نقل و حرکت کو مضبوط بنانے اور معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ثابت ہو سکتی ہیں۔