پرینک کھرگے نےملکارجن کھرگے سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-06-2026
پرینک کھرگے نےملکارجن کھرگے سے ملاقات کی
پرینک کھرگے نےملکارجن کھرگے سے ملاقات کی

 



نئی دہلی
کرناٹک کانگریس کے رکن اسمبلی پریانک کھڑگے نے منگل کو قومی دارالحکومت میں کانگریس کے قومی صدر ملیکار جن کھڑگے سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات ڈی کے شیوکمار کی بطور وزیر اعلیٰ حلف برداری سے ایک روز قبل ہوئی۔وزیر اعلیٰ نامزد ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری کی تقریب بدھ 3 جون کو شام 4 بجے لوک بھون میں منعقد ہونے والی ہے۔ اس سے قبل پریانک کھڑگے ملیکارجن کھڑگے کی رہائش گاہ پہنچے، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ نئی ریاستی کابینہ میں انہیں کوئی اہم ذمہ داری دی جا سکتی ہے۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب نئی دہلی میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ کرناٹک کانگریس کے سینئر رہنما اور وزارت کے امیدوار اپنی پسندیدہ ذمہ داریاں حاصل کرنے کے لیے پارٹی قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔توقع کی جا رہی ہے کہ کانگریس قیادت آج وزراء کی فہرست کو حتمی شکل دے دے گی۔ پارٹی اس عمل میں علاقائی، سماجی اور ذات پات کے مختلف عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ کی تشکیل پر غور کر رہی ہے، جبکہ نائب وزیر اعلیٰ اور تنظیمی عہدوں سے متعلق اہم فیصلے بھی زیر غور ہیں۔
پارٹی کے سینئر ذرائع اور ارکان اسمبلی کے مطابق کابینہ کی توسیع دو مرحلوں میں کیے جانے کا امکان ہے تاکہ داخلی مسابقت کو بہتر انداز میں سنبھالا جا سکے۔سینئر رکن اسمبلی اشوک ایم پٹن نے پیر کو کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں ڈی کے شیوکمار کے ساتھ تقریباً 10 وزراء حلف اٹھا سکتے ہیں، جبکہ باقی عہدوں پر تقرریاں اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں کی جائیں گی، جب راجیہ سبھا اور قانون ساز کونسل کے انتخابات مکمل ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 ارکان کی حلف برداری ہوگی۔ باقی ناموں کا اعلان اگلے ماہ کے پہلے ہفتے میں کیا جائے گا، جس کے بعد مکمل کابینہ تشکیل دی جائے گی۔ادھر یہ قیاس آرائیاں بھی جاری ہیں کہ سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سدارامیا کی کابینہ کے کئی وزراء کو ہٹایا جا سکتا ہے تاکہ نئے چہروں کو موقع دیا جا سکے۔
تاہم سدارامیا کے صاحبزادے یتیندر سدارامیا نے دعویٰ کیا ہے کہ راہل گاندھی پہلے ہی انہیں کابینہ میں شامل کیے جانے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق راجیہ سبھا رکن نصیر حسین اور دیگر سینئر رہنما تنظیمی توازن کو برقرار رکھنے پر زور دے رہے ہیں۔دریں اثنا، ڈی کے شیوکمار کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پارٹی ایک ایسے او بی سی رہنما کی تلاش میں ہے جو اگلے کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر کا عہدہ سنبھال سکے، تاکہ پارٹی تنظیم اور ریاستی حکومت کے درمیان بہتر ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔
دوسری جانب اپوزیشن نے مجوزہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔بی جے پی رہنما اور قائد حزب اختلاف آر اشوک نے قیادت کی تبدیلی کو "صرف ڈرائیور کی تبدیلی" قرار دیتے ہوئے کہا کہ بس پہلے ہی گیراج میں کھڑی ہے، صرف ڈرائیور بدلا ہے۔ سدارامیا جا رہے ہیں اور ڈی کے شیوکمار آ رہے ہیں، لیکن بس وہی ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔