مودی نے میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ سے ملاقات کی

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 01-06-2026
مودی نے میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ سے ملاقات کی
مودی نے میانمار کے صدر یو من آنگ ہلینگ سے ملاقات کی

 



نئی دہلی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کی یہ ملاقات قومی دارالحکومت نئی دہلی کے حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی۔ صدر یو من آنگ ہلائنگ 30 مئی سے 2 جون تک وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے دورے پر ہیں۔
صدر کی حیثیت سے یہ یو من آنگ ہلائنگ کا پہلا دورۂ ہندوستان ہے۔ ان کے ہمراہ کابینہ کے وزراء، سینئر حکام اور نمایاں کاروباری شخصیات پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی موجود ہے۔اس سے قبل قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول نے اتوار کے روز میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ سے ملاقات کی تھی۔
وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ قومی سلامتی کے مشیر شری اجیت ڈوول نے آج میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ سے ملاقات کی۔ہفتہ کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی میانمار کے صدر سے ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے ان کے مثبت رویے کی تعریف کی تھی۔
ایکس پر اپنی پوسٹ میں ایس جے شنکر نے لکھا کہ آج نئی دہلی میں میانمار کے صدر یو من آنگ ہلائنگ سے ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے حوالے سے ان کے مثبت جذبے کو سراہتا ہوں۔ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہماری شراکت داری کو آگے بڑھانے کے مقصد سے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ان کی ملاقات کا منتظر ہوں۔
یو من آنگ ہلائنگ بودھ گیا میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد نئی دہلی پہنچے۔وہ ہفتہ کے روز بہار کے شہر بودھ گیا پہنچے تھے، جہاں وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے میانمار اور ہندوستان کے درمیان تہذیبی اور روحانی تعلقات کو اجاگر کیا تھا۔
آمد کے فوراً بعد صدر یو من آنگ ہلائنگ نے مقدس مہابودھی مندر کا دورہ کیا، جو بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے ایک اہم زیارتی مقام اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل ہے۔
جمعہ کے روز اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران رندھیر جیسوال نے کہا تھا کہ آنے والی دوطرفہ بات چیت میں مختلف اہم شعبوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔