نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کارتک پورنیما اور دیو دیپاولی کے مقدس موقع پر ملک کے عوام کو پرخلوص مبارکباد پیش کی اور سب کی صحت، خوشحالی اور امن و سکون کی دعا کی۔وزیر اعظم مودی نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’کارتک پورنیما اور دیو دیپاولی کی دلی مبارکباد ملک بھر کے تمام اہل وطن کو۔ یہ روحانی اور ثقافتی طور پر مقدس موقع سب کے لیے خوشی، امن، صحت اور خوشحالی لائے۔ مقدس نہاﺅ، دھیان، آرتی اور پوجا سے جڑی ہماری یہ روایت ہر دل کو روشنی بخشے۔‘‘
بدھ کی صبح ہرिदوار کے ہری کی پیڑی پر بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے گنگا ندی میں مقدس اشنان کیا۔ عقیدہ ہے کہ اس دن گنگا میں ڈبکی لگانے سے پاپ دھل جاتے ہیں اور زندگی میں خوشحالی آتی ہے۔بہار کے پٹنہ میں دریائے گنگا کے گھاٹ پر بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے دھیگا ایمس روڈ پر صبح کے وقت ٹریفک جام دیکھنے کو ملا۔
اڑیسہ میں پوری کے تاریخی نریندر پوکھری میں عقیدت مندوں نے روایتی بوئیت بندنا (کشتی پوجا) میں حصہ لیا جو کارتک پورنیما کے موقع سے منسلک ایک قدیم روایت ہے۔
یہ بوئیت بندنا تہوار اڑیسہ میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے اور اس کی تاریخی و ثقافتی اہمیت بہت گہری ہے۔ اس دن لوگ ندیوں، تالابوں اور سمندری کناروں پر جمع ہو کر کیلے کے تنے، کاغذ یا تھرموکول سے بنی چھوٹی کشتیوں کو پانی میں بہاتے ہیں۔ یہ رسم اس زمانے کی یاد دلاتی ہے جب قدیم اڑیسہ کے تاجر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جیسے جاوا، سماٹرا اور بالی کے ساتھ بحری تجارت کیا کرتے تھے۔
کارتک پورنیما ہندو تقویم کے کارتک مہینے کی مکمل چاند والی رات کو منائی جاتی ہے اور اسے سب سے مقدس دنوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ یہ دن بھگوان کارتکیہ، یعنی بھگوان شیو اور دیوی پاروتی کے فرزند کی پیدائش کا دن بھی مانا جاتا ہے۔ پورے ہندوستان میں عقیدت مند اس موقع پر دیے جلاتے ہیں، مندروں کو سجاتے ہیں اور مذہبی میلے مناتے ہیں۔یہ تہوار روحانیت اور روشنی کا حسین منظر پیش کرتا ہے۔ عقیدت مند دعائیں پڑھتے ہیں اور پانی پر تیرتی روشن کشتیوں کو دیکھ کر ایمان و اتحاد کا منظر پیدا کرتے ہیں۔