نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو نیزہ باز نیرج چوپڑا کی اُس کامیابی کی تعریف کی، جس میں انہوں نے 90 میٹر کی رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے پہلی بار 90.23 میٹر کی دوری تک نیزہ پھینکا۔ مودی نے اس کامیابی کا سہرا چوپڑا کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور جنون کو دیا۔
مودی نے 'ایکس' (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ہندوستان بہت خوش اور فخر محسوس کر رہا ہے۔چوپڑا نے جمعہ کو 'ڈائمنڈ لیگ' کے دوحہ مرحلے میں آخرکار 90 میٹر کی حد کو پار کرتے ہوئے 90.23 میٹر کی دوری تک نیزہ پھینکا۔ وہ دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ پہلے نمبر پر جرمنی کے جولین ویبر رہے، جنہوں نے اپنے آخری تھرو میں 91.06 میٹر کی دوری طے کی۔
چوپڑا 90 میٹر سے زیادہ دوری تک نیزہ پھینکنے والے تیسرے ایشیائی اور دنیا بھر کے 25ویں کھلاڑی بن گئے ہیں۔ مودی نے کہا کہ شاندار کارنامہ! دوحہ ڈائمنڈ لیگ 2025 میں 90 میٹر کی حد عبور کرنے اور اپنی ذاتی بہترین کارکردگی حاصل کرنے پر نیرج چوپڑا کو مبارکباد۔ یہ ان کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور جذبے کا نتیجہ ہے۔ ہندوستان کو آپ پر فخر ہے۔