لکھنؤ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بدھ کے روز کہا کہ 2017 سے پہلے کی حکومتوں کے پاس وسائل تو موجود تھے، لیکن ترقی کا کوئی وژن نہیں تھا۔انہوں نے یہ بات بدھ کو سہارنپور میں 613 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 سے پہلے سہارنپور، مظفر نگر، میرٹھ، علی گڑھ اور متھرا میں فسادات ہوتے تھے، اور فساد و کرفیو عوام کی تقدیر بن چکے تھے۔انہوں نے کہا کہ کیرانہ سے لوگوں کی نقل مکانی ہوتی تھی اور ان علاقوں کو ہندو آبادی سے خالی کیا جا رہا تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس وقت نہ بیٹیاں محفوظ تھیں اور نہ ہی تاجر۔ قانون و انتظام کی صورتحال تباہ ہو چکی تھی۔ 2011-12 کے دوران مراد آباد میں ڈی آئی جی پر حملہ ہوا تھا۔ شرپسند انہیں مردہ سمجھ کر موقع پر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سماج وادی پارٹی کی حکومت نے ان شرپسندوں کے خلاف مقدمات نہیں چلائے، بلکہ ان کے خلاف درج مقدمات واپس لینے کی کوشش کر رہی تھی۔ ہماری حکومت بنی تو ہم نے کہا کہ شرپسندوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ 2017 سے پہلے کی حکومتوں کے پاس پیسہ تو تھا، لیکن ترقی کا وژن نہیں تھا۔ سماج وادی پارٹی کے غنڈے یہ پیسہ ہڑپ کر جاتے تھے یا پھر یہ رقم قبرستانوں کی چاردیواری بنانے پر خرچ ہو جاتی تھی۔ آج اسی رقم سے ماں شاکمبری کوریڈور تعمیر کیا جا رہا ہے۔