یورپی کمیشن، یورپی کونسل کے صدور اس سال یوم جمہوریہ کی پریڈ میں مہمان خصوصی ہوں گے
نئی دہلی/ آواز دی وائس
یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لیین 25 سے 27 جنوری تک تین روزہ سرکاری دورے پر ہندوستان آئیں گے اور 77ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات میں مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس دورے کے دوران دونوں رہنما 27 جنوری کو منعقد ہونے والے 16ویں ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے۔
وہ صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے اور وزیرِ اعظم نریندر مودی کے ساتھ محدود سطح اور وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس کے موقع پر ایک ہندوستان-یورپی یونین بزنس فورم کے انعقاد کی بھی توقع ہے۔ ہندوستان اور یورپی یونین 2004 سے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ 15واں ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس 15 جولائی 2020 کو ورچوئل طور پر منعقد ہوا تھا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق، دوطرفہ تعلقات میں مختلف شعبوں میں توسیع اور گہرائی آئی ہے، خاص طور پر رواں سال فروری میں یورپی کمیشن کے کالج آف کمشنرز کے تاریخی دورۂ ہندوستان کے بعد۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 77ویں یومِ جمہوریہ پر یورپی یونین کے رہنماؤں کی مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت اور 16ویں ہندوستان-یورپی یونین سربراہی اجلاس سے اسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط ہوگی اور باہمی دلچسپی کے ترجیحی شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ صدر دا کوسٹا اور صدر فان ڈیر لیین وزیرِ اعظم مودی کی دعوت پر ہندوستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہندوستان اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر مذاکرات ایک اعلیٰ مرحلے میں ہیں۔
کامرس سکریٹری راجیش اگروال نے جمعرات کو کہا کہ اس جامع ہندوستان-یورپی یونین ایف ٹی اے کے تحت 24 میں سے 20 ابواب کو حتمی شکل دی جا چکی ہے، جبکہ چند معاملات پر اب بھی مذاکرات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین تقریباً روزانہ کی بنیاد پر ورچوئل طور پر رابطے میں ہیں اور اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ رہنماؤں کی ملاقات سے پہلے طے شدہ مدت کو پورا کیا جا سکے۔ اگروال نے مزید کہا کہ دونوں فریقین جنوری کی ڈیڈ لائن پوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ یہ ایک موزوں موقع ہے جب رہنما ملاقات کریں گے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ محض قریب پہنچ جانا کافی نہیں ہوتا۔
واضح رہے کہ مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت پیوش گوئل نے اسی ماہ کے اوائل میں برسلز کا دو روزہ دورہ مکمل کیا، جسے ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔